چائلڈپروٹیکشن بیورو کا ریسکیو آپریشن ، مزید 23بچوں کو تحویل میں لے لیاگیا

چائلڈپروٹیکشن بیورو کا ریسکیو آپریشن ، مزید 23بچوں کو تحویل میں لے لیاگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (لیڈی رپورٹر) چیئر پرسن چائلڈپروٹیکشن بیورو صبا صادق کی ہدایت پر بیورو کی ریسکیو ٹیم کی جانب سے جاری ریسکیو آپریشن کے دوران مزید 23بچوں کو تحویل میں لے لیا گیا۔ ان میں 20لڑکے اور 3لڑکیا شامل ہیں جن کی عمریں 5سال سے 14سال کے درمیان ہیں۔ان بچوں میں زیادہ تعداد بھیک مانگنے والوں کی ہے جبکہ کچھ بچے گھر سے بھاگے ہوئے اورگمشدگی کی حالت میں ریسکیوٹیم کو ملے جنہیں حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا۔ بچوں کو بیورو کی ریسکیو ٹیم نے اکبر چوک، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، شوکت خانم چوک، ڈیفنس، گلبرگ، جوہر ٹاؤن، مون مارکیٹ، لبرٹی، انارکلی، چونگی امر سدھو اور شہر کے دیگر علاقوں سے ریسکیو کے دوران تحویل میں لیا گیا۔ ان تمام بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن کورٹ میں پیش کیا گیا اور قانونی تحویل حاصل کر لی گئی ہے جس کے تحت ان بچوں کوچائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہاکہ گھر سے بھاگے اور گمشدہ بچوں کو ان کے والدین تک پہنچایا جائے گا جبکہ بھیک مانگنے والے بچوں کوچائلڈ پروٹیکشن کورٹ میں اپنے بچوں سے آئندہ بھیک نہ منگوانے کی تحریری یقین دہانی کے بعد والدین کے حوالے کیا جائے گا۔