نندی پور پاور پلانٹ بندش نے عوام اور حکومت کی نیندیں اڑا دیں ،بلال شیرازی
لاہور (جنرل رپورٹر )پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے بجلی کا شارٹ فال ساڑھے چھ ہزار میگا واٹ سے زائد ہونے اور بدترین لوڈشیڈنگ کے دوران نندی پور پاور پلانٹ کی بندش پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نندی پور پاور پلانٹ کی بندش نے عوام اور حکومت دونوں کی نیندیں اڑا دیں ہیں ۔نندی پور پاور پلانٹ کا افتتاح خود وزیراعلیٰ پنجاب اور بعدازاں وزیراعظم پاکستان نے اپنے ہاتھوں سے کیا تھا اور اس دوران لوڈشیڈنگ کے خاتمہ او رنندی پور پاور پلانٹ سے بجلی کے حصول کے لیے بلندو بانگ دعوے کیے گئے تھے لیکن قومی خزانے سے81ارب سے زائد خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود نندی پور پاور پلانٹ بند کیوں ہے حکومت اس کا جواب دے۔سید بلال مصطفی شیراز ی نے کہا کہ اس منصوبہ پر قوم کا اربوں روپے ضائع کردیا گیا اور حکومتی نااہلی ، ناقص منصوبہ بندی اور کرپشن کے باعث یہ پاور پلانٹ بند پڑا ہے اور اس پاور پلانٹ نے فنکشنل ہونے کے بعد آج تک ایک میگا واٹ بھی بجلی پیدا نہیں کی اور اس کی تمام مشینری ناکارہ ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ خوا جہ آصف دوسروں پر الزام تراشی کرنے کی بجائے اس ناقص اور کرپشن سے بھر پور منصوبے کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی نااہلی کے باعث فوری طور پر وزارت سے مستعفیٰ ہوں اور اس منصوبہ پر خرچ ہونے والے اربوں روپے قومی خزانے میں جمع کروائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نندی پور پاور پلانٹ کی طرح حکومت کے کوئلہ سے بجلی بنانے کے منصوبے بھی فلاپ منصوبے ثابت ہونگے کیونکہ جرمنی سمیت دنیا بھر میں آلودگی کے باعث کول پاور پلانٹ بند ہورہے ہیں لیکن پنجاب میں ان منصوبوں میں زور وشور سے کام جاری ہے اور بھارتی کول پاور پلانٹ سے کراچی میں ہلاکتوں کی رپورٹ کے بعد پنجاب میں ان کول پاور پلانٹ کی تعمیر انتہائی سنگین ہے عدالت عالیہ کے حکم امتناعی کے باعث لاہور کول پاور پلانٹ منصوبہ ختم ہوچکا ہے اس لیے حکومت کول پاور کی بجائے ہائیڈل پاور منصوبے جن میں کالا باغ ڈیم بھی شامل ہے کی طرف توجہ مبذول کرے اورلوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے اس کی تعمیر کا فی الفور آغاز کرے۔