3سالہ بچہ باپ کی تحویل سے برآمد،ماں کے حوالے کردیا گیا
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج نے حبس بے جا کی دائر درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے 3سالہ بچے کو باپ کی تحویل سے برآمد کروا کر ماں کے حوالے کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ۔عدالت میں ثمینہ بی بی نے دائرحبس بے جا کی درخواست میں موقف اختیار کررکھا تھا کہ اس کے شوہرنے گھریلو ناچاقی پر مارپیٹ کا نشانہ بنانے کے بعد اسے گھرسے نکال دیا ہے اور زبردستی کمسن بچے حسن کو اپنی تحویل میں رکھا ہواہے جبکہ سائلہ کواس سے ملنے بھی نہیں دیا جارہا ہے ،درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اس کا شوہر اکثر اسے مارپیٹ کا نشانہ بناتا ہے اور خرچہ بھی نہیں دیتا ہے ،عدالت سے استدعا ہے کہ بچے کو ماں کے حوالے کرنے کا حکم دیا جائے۔
،عدالتی حکم پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او نے مذکورہ بچے کوعدالت کے روبرو پیش کردیا جہاں عدالت نے اسے درخواست گزارماں کے حوالے کرتے ہوئے دائر حبس بے جا کی درخواست نمٹا دی ہے۔