کابینہ ڈویژن کا تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو اردو میں مراسلہ جاری
اسلام آباد، لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،محمد نواز سنگرا) اردو زبان کے نفاذ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد شروع ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل جیوز نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کابینہ ڈویژن نے وزارتوں اور ڈویژنوں کو ویب سائٹس ترجیحی بنیادوں پر اردومیں کرنے کے لئے مراسلہ جاری کر دیا۔ کابینہ ڈویژن کا مراسلہ تمام وزارتوں اور ڈویڑنوں کو اردو میں بھجواگیا ہے جس کے ساتھ سپریم کورٹ کا آٹھ اگست کا فیصلہ بھی لگایا گیا۔تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویڑنوں ویب سائٹس اردو میں کرنے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ویب سائٹ اردو میں تبدیل کر دی۔دوسری جانب سرکاری ونیم سرکاری محکموں میں ریکارڈ کا اردو میں ترجمہ کرنے کے حوالے سے کوئی کام نہ ہو سکا، وزیر اعظم کے احکامات نظر انداز کر دیئے گئے ۔وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے 6جولائی کو تین ماہ میں ریکارڈ کا اردومیں ترجمہ کرنے کا حکم دیا تھا۔آئین پاکستان کے آرٹیکل215 کے مطابق پہلے پندرہ سالوں میں تمام تر ریکارڈ کو اردو زبان میں ترجمہ اور سرکاری زبان کا درجہ دینا لازمی تھا جس میں 68برسوں میں آنے والی سول اور فوجی حکومتیں ناکام رہیں جس سے یہ تمام حکومتیں آئین کی خلاف ورزی کی بھی مرتکب ٹھہری ہیں ۔آئین کیمطابق 1988میں اردو کو مکمل نافذ العمل کرنا تھا جس کے بعد ضیاء الحق نے 10برس آگے بڑھاتے ہوئے 1998کی ڈیڈ لائن مقرر کی اس بے بعد آنے والی حکومتیں اردو کے نفاذ کیلئے باتیں بھی کرتی رہیں اور کمیٹیاں بھی تشکیل دیں لیکن تاحال کوئی بھی حکومت حکومت آئین کے آرٹیکل 251کو عملی جامہ پہنانے میں کامیاب نہیں ہوئی۔
وزیر اعظم نواز شریف نے6جولائی کو حکم جاری کیاتھا کہ 3ماہ کے اندر تمام ریکارڈ کا اردو میں ترجمہ کیا جائے اور دفاتر میں اردوزبان کا نفاذ یقینی بنائے جا ئے۔وزیر اعظم کی ہدایات کیمطابق وفاق کے زیر انتظام تمام سرکاری اور نیم سرکار ی محکمہ کو تمام قوانین کا اردومی ترجمہ کرنے کا حکم دیا گیا تھا،جبکہ تمام عوامی مقامات سرکاری ہسپتالوں،تھانوں ،شاہراؤں کے کنارے نصب بورڈز، کچہریوں،پارکوں اور لائبریوں میں بھی عوام الناس کی رہنمائی کیلئے انگریز ی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی بورڈ آویزاں کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔اس کے علاوہ محکمہ انکم ٹیکس،اے جی پی آر،آڈیٹر جنرل آف پاکستان،واپڈا،سوئی گیس،الیکشن کمیشن آف پاکستان،ڈرائیونگ لائسنس اور یوٹیلٹی سمیت پاسپورٹ کا بھی اردو میں ساتھ ترجمہ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔جس میں سے کوئی بھی محکمہ 2ماہ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود ایک فیصد بھی اپنا ریکارڈ اردومیں نہیں کر سکا اور مشکلات تاحال موجود ہیں۔تمام یوٹیلٹی بلز،شاہراؤں کے کنارے نصب بورڈز اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تمام دستاویزات انگلش میں موجود ہیں ۔