’’ شہبازشریف منصوبوں کو عملی شکل دینے میں ثانی نہیں رکھتے‘‘نائب صدر گوگل
لاہور(جنرل رپورٹر)گوگل کے جنوبی ایشیا و جنوب مشرقی ایشیا کے نائب صدر راجن آنندن نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ کی صوبے میں کارکردگی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ایک وژن کے تحت صوبے میں اچھی طرز حکمرانی کو فروغ دینے کیلئے بہترین اقدامات اٹھائے ہیں ، اپنے دور حکومت کے دوران بے شمار ترقیاتی منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے اور عوام بھی ان ترقیاتی منصوبوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف منصوبوں کو عملی شکل دینے میں ثانی نہیں رکھتے اور وہ جو کہتے ہیں کر کے دکھاتے ہیں ۔ ایک متحرک اور محنتی وزیراعلیٰ کی حیثیت سے شہبازشریف نے اپنا مقام بنایا ہے ، میٹرو بس پراجیکٹ ان کی عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ریکارڈ مدت میں اتنا بڑا منصوبہ مکمل کرکے انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔ بلاشبہ میٹرو بس منصوبہ عوام کے وسائل ان پر خرچ کرنے کی عمدہ مثال ہے۔