شاہ محمود، جہانگیر ترین سمیت پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو کالعدم تنظیم کی دھمکی آمیز ای میل موصول
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری سرور اور جہانگیر ترین سمیت 6 رہنماؤں کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہو ئی ہے، چوہدری سرور نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، وزارت داخلہ سمیت سکیورٹی اداروں کو خط کے ذریعے آگاہ کردیا ہے ، حکومت سے رہنماؤں کی فول پروف سکیورٹی کا مطالبہ کردیا ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما چوہدری سرور نے وزیراعلیٰ پنجاب کو کالعدم تنظیموں کی دھمکی آمیز کالز کے بارے میں خط کے ذریعے آگاہ کردیا ہے اس کے علاوہ تحریک انصاف نے وزارت داخلہ سمیت ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی بی کو بھی قتل کی دھمکیوں کے حوالے سے خط لکھا ہے خط کے متن میں کہاہے کہ ضمنی انتخابات کے موقع پر دھمکی ملنا تشویشناک ہے۔ جن رہنماؤں کو قتل کی دھمکیاں دی گئی ہیں ان میں شاہ محمود قریشی ، چوہدری سرور ، علیم خان ، محمود الرشید ،میاں اسلم اقبال اور ملک تیمور شامل ہیں خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ تحریک انصاف میاں اسلم اقبال کے دفتر پر بھی دو مرتبہ حملے ہوچکے ہیں اس لئے حکومت کو چاہیے کہ وہ آئندہ ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران تحریک انصاف کے رہنماؤں کو انتخابی مہم کیلئے سکیورٹی فراہم کرے اور سکیورٹی کے حوالے سے فول پروف اقدامات کئے جائیں