ضمنی اور بلدیاتی انتخابات نادرا اور پرنٹنگ پریس کیلئے انتہائی منافع بخش بن گئے

ضمنی اور بلدیاتی انتخابات نادرا اور پرنٹنگ پریس کیلئے انتہائی منافع بخش بن ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(شہباز اکمل جندران//انوسٹی گیشن سیل) ملک میں ایک کے بعد دوسرا الیکشن نادرا ،پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان اور پی سی ایس آئی آر جیسے اداروں کے لیے منافع بخش کاروبار بن گیا۔ووٹر لسٹوں کی فراہمی نادرا کے لیے ،بیلٹ پیپراور ووٹر لسٹوں کی چھپائی پی سی پی کے لیے جبکہ ووٹروں کے نشان انگوٹھا کے لیے سیاہی کی فراہمی پی سی ایس آئی آر کے لیے بھاری بھرکم آمدن کا باعث بنتی ہے۔معلوم ہواہے کہ ملک میں اوپرتلے ہونے والے عام ، ضمنی اور بلدیاتی انتخابات نادرا ، پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان اور پاکستان کونسل آف سائیٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے لیے منافع بخش کاروبار ثابت ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق نادرا کسی بھی حلقے کی ووٹر لسٹیں فراہم کرنے کے لیے ایک صفحے کے عوض 10روپے وصول کرتی ہے۔اور بلدیاتی الیکشن کے دوران ہر حلقے میں ووٹر لسٹو ں کی پانچ الگ الگ فہرستیں الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائینگی۔یوں ایک ہی حلقے میں محض ووٹر لسٹوں کی فراہمی سے نادرا کو لاکھوں روپے کی آمدن متوقع ہے۔ اسی طرح ووٹر لسٹوں اور بیلٹ پیپروں کی چھپائی پی سی پی کے لیے بھی نوید مسرت لیکر آتی ہے۔کروڑوں بیلٹ پیپروں کی چھپائی اور ووٹرلسٹوں کی پرنٹنگ سے پی سی پی کو کروڑوں روپے کی آمدن ہوتی ہے۔اور پنجاب و سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طورپر 10کروڑ روپے سے زائد بیلٹ پیپر چھاپے جائینگے۔اسی طرح نشان انکوٹھا کے لیے سیاہی کی فراہمی پی سی ایس آئی آر کے لیے بھاری بھرکم آمدنی کی نوید لیکر آتی ہے۔11مئی 2013کے عام انتخابات کے دوران پی سی ایس آئی آر نے مقناطیسی سیاہی 10کروڑ روپے کے عوض فراہم کی۔ جبکہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں میں بلدیاتی انتخابات کے دوران بھی پی سی ایس آئی آر کی تیار کردہ خصوصی سیاہی ہی استعمال کی جائیگی۔ اور اس سلسلے میں پی سی ایس آئی آر کو ادائیگی کی جائیگی۔

مزید :

صفحہ اول -