فوجی عدالت کی طرف سے قتل کے مجرم کی سزائے موت کا فیصلہ برقرار
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے فوجی عدالت کی طرف سے قتل کے مجرم صابر شاہ کو سنائی جانے والی سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے مجرم کی والدہ کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی ۔ مصری شاہ کے رہائشی ارشد شاہ ایڈووکیٹ کے قتل کے مقدمہ میں فوجی عدالت نے مجرم کو یہ سزا سنارکھی ہے ۔مسٹر جسٹس عبدالسمیع خان اور مسٹر جسٹس جیمز جوزف پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سزائے موت کے قیدی صابر شاہ کی والدہ لیلیٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل ڈاکٹر خالد رانجھا نے موقف اختیار کیا کہ قیدی صابر شاہ کے مقدمے کا ٹرائل انسداد دہشت گردی عدالت میں 2011ء سے زیر التواء تھا جبکہ 2014ء میں فوجی عدالتوں کے قیام کے بعد مقدمہ بغیر اطلاع کئے ملٹری کورٹ بھجوا دیا گیا۔یڈیشنل اٹارنی جنرل نصیر بھٹہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فوجی عدالتوں کے حوالے سے فیصلے میں بھی ملٹری کورٹس کے فیصلوں پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی او رآئینی عدالتیں صرف جوڈیشل ریویو کرنے کا اختیار رکھتی ہیں ،درخواست خارج کی جائے۔