ڈاکٹروں اور ہسپتال عملہ پر پولیس تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں،شجاعت حسین
لاہور (جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے اسلام آباد میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف پر لاٹھی چارج اور تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ نہتے ڈاکٹر، تاجر، کسان، مزدور، سرکاری ملازمین سب سڑکوں پر ہیں، حکومت ان کے مسائل حل کرنے کی بجائے صرف تشدد کرنا جانتی ہے، مسیحائی کے پیشہ سے تعلق رکھنے والوں سے جو سلوک کیا گیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، ان کو ریڈ زون میں جانے سے روکنے کیلئے بیدردی سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ 4اکتوبر کو پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان احتجاج کر رہے ہیں تو دیکھنا یہ ہے کہ ان پر ڈاکٹروں اور نرسوں کی طرح لاٹھی چارج اور تشدد کیا جاتا ہے یا مصلحتوں کی خاطر درگزر کیا جائے گا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ عوام سے بدیشی حکمرانوں کی طرح غلاموں جیسا سلوک نہ کریں ۔