گیس قیمتیں نہ بڑھانے سے سوئی ناردرن کاخسارہ بڑھ گیا ،چیئرمین اوگرا
لاہور(خبرنگار) چیئرمین اوگرا سعیدا حمد خان نے کہا ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کی وجہ سے سوئی ناردرن کے خسارے میں اضافہ ہو گیا ہے، اوگرا یکم ستمبر کو بھی گیس کی قیمتیں بڑھا چکی ہے ،اب سوئی ناردرن نے جو نئی درخواست کی ہے اس پر غور کے بعد فیصلہ کرینگے کہ گیس کی قیمت مزید بڑھانے کی گنجائش ہے یا نہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں سوئی ناردرن کی طرف سے یکم جولائی2015 سے گیس کی قیمت میں39روپے55پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سعید احمد خان نے کہا کہ سوئی ناردرن بھی عوام کی کمپنی ہے ہم نے فیصلہ دیتے ہوئے یہ بھی دیکھنا ہے کہ کمپنی کام کرنا ہی نہ چھوڑ دے اور یہ چلتی رہے ،انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی قیمت مقرر کرنے میں حکومت اوگرا کے ساتھ بھر پور تعاون کر رہی ہے، ہمیں پی ایس او سے کچھ کاغذات چاہئیں جو ملتے ہی ایل این جی کی نئی قیمت کا تعین کر دیا جائیگا،انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمت کا تعین حکومتی معاہدوں کے تحت کیاجاتا ہے تاہم اس میں کروڈ آئل کی انٹر نیشنل قیمت کو بھی مدنظر رکھا جائیگا۔