تاجر این اے 122اور 154 کے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کریں،نعیم میر
لاہور (کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری نعیم میر نے کہا ہے کہ تاجر برادری حلقہ این اے 122لاہور اور این اے 154لودھراں کے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کریں۔ تاجر کسی بھی امیدوار کی انتخابی مہم کا حصہ نہ بنیں۔ ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے تک بائیکاٹ جاری رکھیں۔ امیدوار مارکیٹوں کا دورہ کریں تو زبردست احتجاج کریں۔ ان حلقوں میں سیاہ بینرز بھی آویزاں کئے جائیں۔ امیدواروں کا پبلسٹی مٹیریل مارکیٹوں سے اتارا جائے اور امیدواروں کو مارکیٹ کے دورے بھی نہ کرنے دئیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی ملک گیر ہڑتال کے باوجود حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے لیکن تاجر بھی اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ یہ ظالمانہ ٹیکس واپس ہونے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔