پاکستان نے چین کو گوادر میں 43سالہ لیز پر 809 ہیکٹرزمین دے دی

پاکستان نے چین کو گوادر میں 43سالہ لیز پر 809 ہیکٹرزمین دے دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لندن ( آن لائن )چین نے پاکستان سے گوادر میں 43 سال کی لیز پر 809 ہیکٹر زمین حاصل کرلی۔برطانوی دفاعی جریدے ’آئی ایچ ایس ‘کی رپورٹ کے مطابق گوادر بندر گاہ پر پہلے فری اقتصادی زون کی تعمیر کے لئے چین نے پاکستان سے 43 سال کے لئے 809 ہیکٹر(1999ایکڑز) زمین لیز پر حاصل کرلی ہے۔پورٹ اتھارٹی کے مطابق فری اکنامک زون کے بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی پروسیسنگ زون کی تعمیر پر 3ارب65کروڑ روپے سے زائد(35ملین ڈالر) کی لاگت آئے گی۔جریدے نے چینی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ گوادر پورٹ اتھارٹی نے جون میں 607 ہیکٹر زمین حاصل کی اور 202 ہیکٹرجلد ہی حاصل کرلی جائے گی۔ تمام زمین پاکستان بحریہ اور بلوچستان میں کنٹینر ڈپو سے حاصل کی گئی ہیں۔جریدے نے پاکستان کے اعلیٰ معاشی حکام کے مقامی میڈیا کو دیئے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھاہے کہ گوادر پر اپنے پہلے فری اکنامک زون کی تعمیر کی ضرورت کو مکمل کرنے لئے چین کومزید پانچ سو ایکڑز زمین جلد لیز پر دے دی جائے گی۔اس طرح چینی کمپنیوں کومجموعی طور پر 25سو ایکڑ زمین لیز پردی جائے گی۔رواں برس اپریل میں چین نے چالیس سال کی مدت تک پاکستان کی گوادر پورٹ پر کام کرنے کے حقوق حاصل کئے۔ یہ بندرگاہ چین کو خلیجی ممالک تک رسائی دے گی۔بیجنگ اور اسلام آباد کے درمیان 46ارب ڈالر کے اکنامک کوریڈور منصوبے میں سے 82ارب روپے گوادر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر استعمال کیے جائیں گے۔دنیا کے تیل کی تقریباً 20 فیصدگزرگاہ گوادر ہے۔
گوادر

مزید :

صفحہ آخر -