سگریٹ پینے والے کچھ لوگوں کو کینسر ہوجاتا ہے جبکہ کچھ بڑھاپے تک بھی صحت مند رہتے ہیں، ایسا کیوں ہوتا ہے؟ بالآخر سائنس نے معمہ حل کردیا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) بہت سے لوگ سگریٹ پیتے ہیں لیکن کچھ لوگ سگریٹ کی وجہ سے کینسر اور دیگر موذی امراض میں مبتلا ہو کر جلد ہی موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اور کچھ سگریٹ پینے کے باوجود طویل عمر پاتے ہیں۔ ایسا کیوں ہے؟ سگریٹ سے سبھی کو امراض کیوں لاحق نہیں ہوتے؟یقیناًآپ کے ذہن میں بھی کبھی یہ سوال اٹھا ہو گا۔ اب امریکہ کے سائنسدانوں نے اس سوال کا جواب دے دیا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ سگریٹ سے لاحق ہونے والی بیماریوں سے محفوظ رہنااور طویل عمر پانا انسان کے جینز پر منحصر ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ بعض لوگوں کے جینز میں ہی طویل العمری کا عنصر پایا جاتا ہے اس لیے ان میں کینسر جیسے امراض سے بچنے کے چانس زیادہ ہوتے، یہ جینز انسان میں کینسر کے خطرے کو 11فیصد تک کم کردیتے ہیں۔ ان کے مقابلے میں بعض لوگوں کے جینز میں طویل العمری کا عنصر نہیں پایا جاتا اور وہ جان لیوا امراض میں مبتلا ہو کر جلد ہی مر جاتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:باوجود کوشش کے اگر آپ سگریٹ نوشی ترک نہیں کرپارہے تو یہ تحریر ضرور پڑھیں
سائنسدانوں نے بتایا کہ جینز انسانی جسم کے خلیوں کی حفاظت کرتے ہیں اور ان میں جب کوئی خرابی رونما ہوتی ہے تو اسے درست کر دیتے ہیں ،جینز کا یہی رویہ انسان کے خلیوں کو ماحولیاتی آلودگی اور دھوئیں سے محفوظ رکھتا ہے اوروہ طویل عمر تک زندہ رہتا ہے۔ جن لوگوں کے جینز ان کے خلیوں کی حفاظت نہیں کرتے ان میں امراض میں مبتلا ہونے کا چانس زیادہ ہوتا ہے۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے اعدادوشمار کے مطابق آدھے سگریٹ نوشی اپنی اس عادت کی وجہ سے کم عمری میں ہی موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق تمباکو ایک وبائی مرض کی طرح ہے اور تاریخ انسانی میں آج تک انسان کو جتنے بھی خطرات کا سامنا کرنا پڑا ہے ان میں تمباکو نوشی سب سے بڑا خطرہ ہے۔ اس کی وجہ سے ہر سال 60لاکھ افراد موت کے گھاٹ اتر جاتے ہیں۔