ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈی جی ایل ڈی اے کو طلب کرلیا
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائیکورٹ نے توہین عدالت کی دائردرخواست پر ڈی جی ایل ڈی اے احدخان چیمہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 ستمبرکوطلب کرلیاہے۔مسٹرجسٹس فیصل زمان خان نے محمد نسیم کی جانب سے ڈی جی ایل ڈی اے احمد خان چیمہ کے خلاف دائردرخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزارکے وکیل نے موقف اختیارکیاکہ ایل ڈی اے میں 1996ءسے کنٹریکٹ اورڈیلی ویجزپرکام کرنے والے 948ملازمین کومستقل کرکے سابقہ مراعات بھی دی گئیں، لیکن درخواست گزارکو میرٹ پر پورا اترنے کے باوجود نظرانداز کردیاگیا۔ درخواست گزارنے عدالت سے رجوع کیا تو عدالت عالیہ نے 26جون 2015ءکو ڈی جی ایل ڈی اے کو حکم دیا کہ درخواست گزارکا موقف سن کراسے مستقل کرنے کے بارے میںایک ماہ کے اندر فیصلہ کیا جائے ۔ درخواست گزارکے وکیل کا کہناتھا کہ عدالتی حکم پر عمل درامدکے لئے ڈی جی ایل ڈی اے سے رابطہ کیا گیا توانہوں نے عدالتی حکم پرعمل درآمد کرنے کی بجائے دھمکیاں دینا شروع کردیں۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی حکم عدولی پر ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے،جس پر عدالت نے احد چیمہ کو آئندہ تاریخ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔