حرم شریف میں حادثے پر صدر اور وزیر اعظم سمیت دیگر رہنماﺅں کا اظہار افسوس
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور صدر مملکت ممنون حسین سمیت دیگر رہنماﺅں نے حرم شریف میں کرین گرنے سے عازمین حج کی شہادتوں پر اظہار افسوس کیا ہے ۔وزیر اعظم نے سعودی عرب کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔میڈ یارپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نے کہاہے کہ حرم شریف میں پیش آنے والے حادثے پر افسوس ہوا ہے ۔پاکستان زخمیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا ۔وزیر اعظم نے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر سے رابطہ کر کے زخمیوں کے ساتھ تعاون اور فوری طور پر زخمیوں کی عیادت کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔صدر ممنون حسین نے حرم شریف کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دعا کی کہ زخمیوںاور شہیدہونے والے افرادکے اہل خانہ کو صبر نصیب ہو ۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کے حرم شریف میں عازمین حج کی شہادتوں کے دلخراش واقعے پر انتہائی افسوس ہوا ہے ۔ انہوں نے زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا اور شہیدوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ حرم شریف میں حادثے پر دلی صدمہ ہوا ہے ۔ہم سب اس مشکل وقت میں زخمی اور شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی حرم شریف میں حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔