بدترین طوفان نے امریکا کا ساحل خشک کر دیا، پانی کہاں گیا؟ جان کر آپ کو یقین نہیں آئے گا کہ ایسا بھی ممکن ہے
نساﺅ(مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ روز انتہائی طاقتور سمندری طوفان ’ارما‘ جزائرغرب الہند کے ملک باہماس سے ٹکرایا اور تباہی مچا دی، لیکن جب طوفان باہماس کے ساحلوں سے آگے بڑھا تو اپنے پیچھے ایک ایسا کام کر گیا جسے دیکھ کر پوری دنیا انگشت بدنداں ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق باہماس کے ساحلوں سے ٹکرانے کے بعد جب ’ارما‘ آگے بڑھا تو وہاں ساحلوں سے پانی غائب ہو گیا اور کئی کلومیٹر اندر تک سمندر خشک ہو گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ”چونکہ ’ارما‘ بہت طاقتور بھنور نما طوفان ہے جس کے مرکز میں دباﺅ کم جبکہ اطراف میں زیادہ ہے چنانچہ اس نے اپنی طاقت سے باہماس کے ساحلوں کا پانی اپنے مرکز میں کھینچ لیا اور اسے ساتھ لے کر چلا گیا۔ یوں باہماس کے ساحل خشک ہوگئے۔“ ماہرین کے مطابق ارما کے مرکز میں پانی کی سطح باقی سمندر سے بہت زیادہ بلند ہے جس کی وجہ یہی ہے کہ بھنور کی طاقت باہر کی طرف موجود سمندری پانی کھینچ کر اپنے مرکز میں جمع کرتی جا رہی ہے۔
باہماس کے شہریوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تاحد نگاہ ساحل خشک پڑے ہیں جہاں آج سے ایک روز پہلے گہرا پانی موجود تھا۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ساحل سے پانی کا ختم ہوجانا نیا سمندری طوفان آنے کی علامت بھی ہے۔ چنانچہ باہماس کو نئے طوفان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم موسمیات کی ماہر انجیلا فرٹز کا کہنا ہے کہ ”یہ نئے سمندری طوفان کی علامت نہیں ہے اور نہ ہی پانی فوری طور پر واپس آئے گا، بلکہ خالی ہونے والے ساحل آہستہ آہستہ دوبارہ بھریں گے۔“