بھارت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج
نئی دلی(اے این این ) بھارت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ملک گیر احتجاج کیا جارہا ہے جس کے پیش نظر کئی ریاستوں میں کاروباری مراکز بند ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما را ہل گاندھی کی قیادت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کی کال دی گئی ہے جس میں حزب اختلاف کی 22 جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔وزیراعظم نریندری مودی اور ان کی حکومت کے خلاف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر 'بھارت بندھ' تحریک چلائی جارہی ہے ،تاہم ریاست دہلی کی حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی نے تحریک کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اپوزیشن کے بڑے ناموں نے تحریک کی حمایت کی ہے جس میں شرد پاور، ایم کے اسٹالن اور دائیں بازو کی جماعتوں کے رہنما شامل ہیں۔اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں کرناٹکا، مہاراشٹرا، کیرالہ اور بہار شامل ہیں جہاں کارکنان نے سڑکوں پر ٹائر جلا کر آمدو رفت روک دی اور کئی بازار بند کرادیے۔
دوسری جانب حکومتی وزیر روی شنکر کا کہنا ہے کہ عوام جانتے ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تعلق حکومت سے نہیں ہے۔ دہلی کے رام لیلا گراؤنڈ میں کانگریس کی ٹاپ لیڈرشپ نے کارکنان سے خطاب کیا، جس میں سابق وزیراعظم من موہن سنگھ، سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے 4 سالہ دور حکومت میں ملک میں وہ ہوا جو گزشتہ 70 برس کے دوران نہیں ہوا، ملک میں نفرت پھیلائی گئی، ایک بھارتی کو دوسرے سے لڑایا گیا اور ملک کو تقسیم کردیا گیا۔