یوم دفاع سپورٹس فیسٹیول اختتام پزیر،کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم

یوم دفاع سپورٹس فیسٹیول اختتام پزیر،کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم

کراچی (این این آئی) یوم دفاع پاکستان ہمیں اتحاد اور یکجہتی کا سبق دیتا ہے‘6ستمبر1965ء کو پاکستانی عوام اور افواج نے اپنی بے مثال یکجہتی اور پرجوش جذبہ کے ساتھ اپنے سے کئی گنا بڑی بھارتی فوج کو شکست سے دوچار کیا۔ اس بات کا اظہار سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ہارون احمدخان نے سندھ اسپورٹس بورڈ ناظم آباد میں یوم دفاع پاکستان اسپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز‘ ڈپٹی سیکریٹری قیوم شاکر خانزادہ‘سیکشن آفیسر مرزا مشتاق بیگ اور ایڈمنسٹریٹر سندھ اسپورٹس بورڈ انجم حسین زیدی بھی موجود تھے۔ قبل ازیں یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں جمناسٹک‘ بیڈمنٹن‘ ٹیبل ٹینس‘ اسکواش‘ ایتھلیکٹس‘ طائی کوانڈو اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا‘ جمناسٹک کے کھلاڑیوں نے بے مثال جسمانی کرتب کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین سے داد سمیٹی‘ بعد ازاں صوبائی سیکریٹری اسپورٹس ہارون احمد خان نے مختلف کھیلوں کے فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیز اور نقد انعامات تقسیم کئے۔ ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز نے سیکریٹری اسپورٹس اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کھیل نے ہر سال کی طرح اس سال بھی اپنے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ان مقابلوں کا انعقاد کیا اور سندھ بھر میں کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کئے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی