فٹ بال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے:عارف ابراہیم

فٹ بال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے:عارف ابراہیم

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عارف ابراہیم نے کہا ہے کہ فٹ بال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے جو کہ پاکستان کے دیہاتی اور شہری علاقوں میں سب سے زیادہ کھیلا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جناح سٹیڈیم میں اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جشن آزادی فٹ بال کپ کے فائنل کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سلیم چوہدری، جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق سیکرٹری اطلاعات رانا تنویر احمد کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور کھلاڑیوں کو کھیل کے میدان میں بھر پور تیاری، جذبے اور جیت کی امید سے اترنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کھیل کے میدان میں ڈسپلن کی پابندی کرنی چاہئے اور کھیلیں ہمیں ڈسپلن کی پابندی سکھاتی ہیں۔ عارف ابراہیم نے کہا ہے کہ کھیلوں کے مقابلوں کے ذریعے ہی نوجوان نسل کو مختلف معاشرتی برائیوں سے بچایا جا سکتا ہے۔ آخر پر انہوں ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو مبارک باد دی اور ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میں اسلام آباد اکیڈمی کلب نے غوری کلب کو 2-0 گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی