پی ایس ایل ریکارڈ کی عدم فراہمی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

پی ایس ایل ریکارڈ کی عدم فراہمی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور (نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے پی ایس ایل کے بارے میں ریکارڈ فراہم نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت کے لیے مقرر کر دی۔جسٹس شاہد جمیل خان آج 11ستمبر کواس درخواست پر سماعت کریں گے۔گزشتہ ہفتے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی کے روبرو تحریک انصاف کے جاوید بدر کی درخواست سماعت کیلئے پیش کی گئی تھی لیکن جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی تھی اور درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو اس سفارش کے ساتھ واپس بھیج دی کہ اس درخواست کو کارروائی کے لئے کسی دوسرے بنچ میں لگا دیا جائے جس پر چیف جسٹس نے درخواست سماعت کے لئے جسٹس شاہد جمیل خان کو بھجوا دی ہے ۔درخواست گزار کے مطابق پی سی بی کے سابق چیئر مین نجم سیٹھی اور پی ایس ایل کے بارے معلومات حاصل کرنے کے لئے درخواست دی گئی لیکن کرکٹ بورڈ کے متعلقہ حکام ریکارڈ فراہم نہیں رہے، درخواست میں یہ قانونی نکتہ اٹھایا گیا ہے کہ کرکٹ بورڈ کا ریکارڈ پبلک کرنے سے انکار آئین کے آرٹیکل 19 (اے )کی خلاف ورزی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ فوری طور پہ پی سی بی کا تمام اہم ریکارڈ طلب کر کے قبضے میں لیا جائے۔

پی ایس ایل

مزید : علاقائی