بھارت، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف اپوریشن جماعتوں کا ملک گیر احتجاج
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ملک گیر احتجاج جاری ہے جس کے پیش نظر کئی ریاستوں میں کاروباری مراکز بند ہیں۔اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی قیادت میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کی کال دی گئی جس میں حزب اختلاف کی 22 جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔وزیراعظم نریندری مودی اور ان کی حکومت کے خلاف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر 'بھارت بند' تحریک چلائی جارہی ہے تاہم ریاست دہلی کی حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی نے تحریک کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں کرناٹکا، مہاراشٹرا، کیرالہ اور بہار شامل ہیں جہاں کارکنان نے سڑکوں پر ٹائر جلا کر شہریوں کی آمدو رفت روک دی اور کئی بازار بند کرادیے۔ دوسری جانب حکومتی وزیر روی شنکر کا کہنا ہے کہ عوام جانتے ہیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تعلق حکومت سے نہیں ہے۔ دہلی کے رام لیلا گراؤنڈ میں کانگریس رہنماء راہول گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی سے ثابت ہے کہ وہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام ہوگئے جبکہ روپے کی قدر گزشتہ 70 سالہ تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔من موہن سنگھ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مودی حکومت نے کئی اقدامات ایسے کیے جو قوم کے مفاد میں نہیں اس لیے وقت آگیا ہے کہ حکومت کو تبدیل کیا جائے۔
بھارت/مظاہرے