امن و امان برقرار رکھنے کیلئے نویں دسویں محرم پر فوج ، رینجرز بلانے کا فیصلہ

امن و امان برقرار رکھنے کیلئے نویں دسویں محرم پر فوج ، رینجرز بلانے کا فیصلہ

 لاہور( کرائم رپورٹر ) محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام میں امن وامان کی صورتحال کو برقراررکھنے کیلئے فوج اور رینجرز کو طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ لاہور پولیس نے نویں اور دسویں محرم پر ڈبل سواری اور موبائل فون کی بندش کیلئے بھی محکمہ داخلہ کو سفارش کر دی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے محرم الحرام کیلئے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کیلئے ریکوزیشن اسلام آباد بھجوادی۔لاہور سمیت پنجاب کے تمام حساس اضلاع میں امن وامان کی صورتھال بر قرار رکھنے کیلئے رینجرز رتعینات ہوگی۔دوسری جانب محرم الحرام کی سکیورٹی کے حوالے سے لاہور پولیس کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور پولیس نے نویں اور دسویں محرم پر ڈبل سواری اور موبائل فون کی بندش کے لئے محکمہ داخلہ کو سفارش کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے حوالے سے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے۔

رینجرز بلانے کا فیصلہ

کراچی (این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محرم الحرام کیلئے حکومت سندھ کا مرتب کردہ ضابطہ اخلاق کو مکمل طور پر نافذ کرنے کا حکم دے دیا ہے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے تحت کارروائی کی جائے، تمام مکاتب فکر کے اجتماعات کیلیے مقامی انتظامیہ سے اجازت لینا لازمی ہوگی، عوامی سطح پر ایسے اجتماعات کئے جائیں جن سے قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے، محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر صفائی ستھرائی، صاف پینے کا پانی اور سڑکوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ حساس اضلاع کی فضائی نگرانی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے یہ بات وزیراعلی ہاؤس میں صوبے میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں تمام شرکت کندہ کو وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں محرم الحرام کے پیش نظر ضابطہ اخلاق کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ محترم الحرام انتہائی پرامن طریقے سے گزرنا چاہیے اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ،خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے تحت کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دوران محرم الحرام سڑکوں کی صفائی ستھرائی، پینے کا پانی کی فراہمی، مساجد و امام بارگاہوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے سیکریٹری داخلہ قاضی کبیر کو ہدایت کی کہ حکومت کا جاری کردہ ضابطہ اخلاق سے متعلق عوام کو آگہی دیں۔

وزیراعلی سندھ

مزید : صفحہ آخر