عوام کو صحت و تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کرنا تھا نہ کلچر کی تبدیلی ترجیحات میں شامل ، محمود الرشید

عوام کو صحت و تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کرنا تھا نہ کلچر کی تبدیلی ...

لاہور(رپورٹ،شہزاد ملک : تصاویر ،ذیشان منیر) پنجاب کے وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ہم 50لاکھ گھر بنائیں گے جس میں سے 30لاکھ پنجاب بھر میں اور ایک لاکھ گھر لاہور میں بنائیں گے ہم نئے شہر بھی آباد کریں گے،عوامی وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر ہی خرچ ہوں گے ،اب نلکوں سے صاف پانی آئے گا،مجھے خوشی ہے کہ میں نئے پاکستان کی ٹیم کا حصہ ہوں، اپوزیشن اخلاقی طور پر ایک کمزور اپوزیشن ہے ہم ’’کارکردگی‘‘ سے ان کا مقابلہ کریں گے،ہم صوبائی دارالحکومت بالخصوص لکشمی چوک میں بارشی پانی کے نکاس کیلئے ایک الگ لائن بچھائیں گے تاکہ شریف فیملی کو وہاں جا کر تصاویربنوانے کا موقع نہ مل سکے، مخالفین خاطر جمع رکھیں ان کو ہمارے ابتدائی100 دنوں میں یقینی تبدیلی نظر آئے گی اور وزیراعظم عمران خا ن نے الیکشن سے قبل جو وعدے کئے تھے ان کو وہ ہر قیمت پر پورا کریں گے ۔ان خیالات انہوں نے روز نامہ پاکستان کے فورم میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ تحریک انصاف کے نعرہ کے مطابق عوام ہم سے گھر چاہتے ہیں،اس منصوبے پر کام جاری ہے جیسے ہی فزیبلیٹی رپورٹس تیار ہو جائیں گی اس کی تشہیر کریں گے بلکہ ایک شفاف بیلٹنگ کے ذریعے گھر بھی دئیے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ لوگوں کو گھر دینے کیلئے مختلف قسم کی کیٹگریز بنائیں گے، کراچی کی طرز پر فلیٹ سسٹم متعارف کروائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس منصوبے میں مالیاتی اداروں اور پر ائیویٹ سیکٹرزاور لینڈ ڈویلپرز کو بھی شامل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری تین اولین ترجیحات ہیں جس کے مطابق ہم نے وسائل کا استعمال انسانوں کی فلاح پر خرچ کرنا ہے تاکہ ان کی زندگی کو بہتر بنایا جا سکے، صاف پانی اور صحت و تعلیم پر ہمارا مرکزی فوکس ہے جبکہ انصاف کا حصول تھانہ کلچر کی تبدیلی اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر کرنا شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صاف پانی کی فراہمی اور لاہور کے پانی کی گرتی ہوئی سطح کو روکنے اور پانی کی سطح کو بلند کرنے کیلئے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے تاکہ ٹیوب ویلوں کے استعمال کو کم کیا جاسکے جب ٹیوب ویلو ں کا زیادہ سے زیادہ استعمال رکے گا تو پانی کی سطح خود بخود بلند ہو جائے گی اس کیلئے ہم راوی میں سائفن کے مقام پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو جلد مکمل اور ڈرین سسٹم بہتر بنائیں گے جبکہ بارشی پانی کے نکاس کے جلد سے جلد نکاس اورا س کو دوبارہ استعمال میں لانے کے منصوبے پر بھی کام کریں گے ۔

میاں محمود الرشید

مزید : صفحہ آخر