پورے ملک میں 24لاکھ 80ہزار پودے لگائے گئے ، سینیٹ قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی

پورے ملک میں 24لاکھ 80ہزار پودے لگائے گئے ، سینیٹ قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی

اسلام آباد(آئی این پی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی میں بتایا گیا کہ 2ستمبر 2018 کو پاکستان کیلئے شجرکاری کے نام سے مہم میں پورے ملک میں24لاکھ 80ہزار پودے لگائے گئے، پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بنائے گئے تمام بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں،سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 2016میں گرین پاکستان مہم شروع کی جس کیلئے 64ملین روپے مختص کیے گئے،اسلام آباد میں بڑھتی کچی آبادیوں کے باعث شہر کی گندگی میں اضافہ ہو رہا ہے، 2ماہ کے اندر اسلام آباد کا نالہ صاف کر دیں گے، کمیٹی ارکان نے کہا کہ اسلام آباد کی صفائی مہم جلد سے جلد شروع کی جائے۔ شہر کی صفائی مہم میں سینیٹرز اور قومی اسمبلی کے ارکان رضاکارانہ طور پر شامل ہوں گے، اسلام آباد سے ایک نالہ گزرتا ہے جو کبھی صاف شفاف ہوتا تھا لیکن اب صفائی نہ ہونے کے باعث نالہ گندگی کی آماجگاہ بن چکا ہے۔پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس سینیٹر ستارہ ایاز کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر مشاہد حسین سید، سینیٹر محمد اکرم، سینیٹر فیصل جاوید، سینیٹر علی خان سیف، اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام نے شرکت کی۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بنائے گئے تمام بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ اس حوالے سے موسمیاتی تبدیلی ایکٹ گزشتہ سال بنایا گیا۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی میں اس وقت 124افراد کام کر رہے ہیں جبکہ بہت سی آسامیاں خالی ہیں جن پر بھرتیاں کرنی ہیں۔زیارت کے جنگلات اپنے محل وقوع اور خوبصورتی کے لحاظ سے بہت اہم ہیں۔ ان کی بڑھوتری کی عمر بہت سست ہوتی ہے ۔بلوچستان کے محکمہ جنگلات نے اس کی حفاظت اور ترقی کیلئے منصوبہ تیار کیا ہے جس پر عملدرآمد جاری ہے۔سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے بلوچستان میں چلغوزہ اور صنوبر کے جنگلات کی زبوں حالی کا نوٹس لیتے ہوئے 2016میں گرین پاکستان مہم شروع کی جس کیلئے 64ملین روپے مختص کیے گئے۔صنوبر کی قدرتی افزائش کیلئے 15ایکڑ پر جنگلات لگائے جائیں گے۔وزارت بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں پورے ملک کے اندر 47ملین درخت لگانے کی منظوری دی گئی۔ اس حوالے سے2ستمبر 2018کو پاکستان کیلئے شجرکاری کے نام سے مہم شروع کی گئی۔ اس مہم کے تحت 24لاکھ 80ہزار پودے پورے ملک میں لگائے گئے۔

مزید : صفحہ آخر