24گھنٹوں میں 944ٹریفک حادثات ،11افراد جاں بحق، 700زخمی
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب ایمرجنسی سروس نے گذ شتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 944 روڈ ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جبکہ 700 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی اور تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔367معمولی زخمیوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیمز کی جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا ۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونے والے ان ٹریفک حادثات میں11افراد جان کی بازی ہارگئے جن کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کیں گئیں۔ ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (86فیصد )موٹر سائیکلز ایکسیڈنٹ کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے اورلین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں446 ڈرائیوز، 37 کم عمرڈرائیورز469 مسافر اور 163 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 246 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں، جن میں صوبائی دا رالحکومت 250 متاثرین کے ساتھ پہلے ،فیصل آباد 73حادثات میں88متاثرین کے ساتھ دوسرے اور ملتان 74 حادثات میں79متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا ۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1078 متاثرین میں840مرد اور 238 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں169فراد کی اوسط عمر 18سال سے کم اور594افراد کی اوسط عمر 18سے 40 سال کے درمیان جبکہ 315زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 761موٹر سائیکلز،121آٹو رکشے،91 موٹر کاریں، 50وین 15مسافربسیں، 30ٹرک اور 104 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔