سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس،پرائیویٹ استغاثہ کے 2گواہوں کا بیان قلمبند

سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس،پرائیویٹ استغاثہ کے 2گواہوں کا بیان قلمبند

لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت آج تک ملتوی کردی، گزشتہ روز دو گواہ وقاص اور انور کے بیانات قلمبند اور ان پر جرح کی گئی ۔انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت ہوئی، عدالت میں پولیس چالان کے مرکزی گواہ ایس ایس پی طارق عزیز پر ادارہ منہاج القران کے وکیل رائے بشیر احمد نے اپنی جرح مکمل کرلی جس کے بعد پرائیویٹ استغاثے کے دو گواہ وقاص اور انورکا بیان قلمبند کیا گیا جس کے بعدپولیس کے وکیل ذوالقرنین نے جرح کی ،آئندہ سماعت پر دونوں گواہ پر ایس پی اشرف واہلہ کے وکیل برھان معظم ملک ایڈووکیٹ جرح کریں گے۔ عدالت نے پولیس چالان کے مرکزی گواہ ایس ایس پی طارق عزیز کو بھی دیگر وکلاء کی جرح کے لئے طلب کیا ہے۔ عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے حکم پر روزانہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ عدالت میں ادارہ منہاج القران کی طرف سے پرائیویٹ استغاثہ اور پولیس چالان دونوں کی سماعت اکٹھی کی جارہی ہے۔عدالت میں دونوں کیسوں میں 122پولیس افسران اور گواہ پیش ہورہے ہیں۔

مزید : علاقائی