غیر معیاری برف تیار کرنے والی 31فیکٹریاں سیل

غیر معیاری برف تیار کرنے والی 31فیکٹریاں سیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہو(جنرل رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی واٹر سیفٹی ٹیمز نے صوبہ بھر میں ناقص پانی سے غیر معیاری برف تیار کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 287آئس فیکٹریز کی چیکنگ کی ، آلودہ پانی سے برف تیار کرنے پر 31 فیکٹریز کوسیل کردیاجبکہ 156کو وارننگ نوٹسز جاری کئے۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فو ڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آر او پلانٹ کی عدم موجودگی، زنگ آلود مشینری،صفائی کے ناقص انتظامات،حشرات کی بھرمار اورٹرانسپورٹ کے لیے گندی گاڑیوں کے استعمال پرکارروائی کی گئی ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی واٹر سیفٹی ٹیموں نے لاہور ریجن میں103آئس فیکٹریز کی چیکنگ کرتے ہوئے 10 کو سیل اور55کو وارننگ نوٹسز جاری کئے۔ راولپنڈی ریجن میں100آئس فیکٹریز کی چیکنگ کی گئی جن میں سے10کوسیل جبکہ 51کو وارننگ نوٹسز کیے گئے۔اس کے علاوہ ملتان اور رحیم یارخان میں84آئس فیکٹریز کی چیکنگ کرتے ہوئے واٹر سیفٹی ٹیمز نے 11 کو سیل اور 50کو وارننگ نوٹسز جاری کیے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ آئس فیکٹری میں آر اوواٹر پلانٹ کے لازم ہونے کے ساتھ ساتھ استعمال کئے جانے والے برتنوں کا حفظان صحت کے عین مطابق ہونا بھی ضروری ہے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہاپنجاب فوڈ اتھارٹی کا مقصد خوراک سے منسلک کسی بھی کاروبار کو نقصان پہچانانہیں بلکہ خوراک کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد کرنا ہے۔

اس حوالے سے حفظان صحت اصولوں کے مطابق کام کرنے کاپہلے بذریعہ اشتہار انتباہ جاری کیا جاتا ہے ۔آئس فیکڑیز مالکان کو بھی مارچ 2018 میں آراو پلانٹ کی تنصیب اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی وضع کردہ اصولوں کے مطابق کام کرنے کی انتباہ جاری کی گئی تھی۔کیونکہ برف کے گھریلو استعمال کے علاو ہ بڑے پیمانے پرسارا سال مشروبات کی دوکانوں پر بھی ہوتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آلودہ پانی سے تیار کی گئی برف پیٹ اورمعدے کی متعدد موذی بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔اس سلسلے میں آپریشن ٹیموں کو اصلاح نہ لانے والوں کے خلا ف اگلے مرحلے میں مزیدسخت ایکشن لینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔