عمران نیازی انتقامی سیاست سے آگے سوچ ہی نہیں سکتے،پرویز ملک
لاہور (جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ عمران نیازی کنٹینر والی انتقامی سوچ، تخریبی وژن اور دشنام طرازی سے آگے سوچنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے، سودن میں ملکی تقدیر بدلنے کے دعویدار ہمارے وژن 2025ء فوٹو کاپیوں پر چل رہے ہیں،عمران خان نے عوام کو جو خواب دکھایا وہ بھیانک تعبیر بن کر سامنے آ رہا ہے، معیشت کی بہتری کے نعرے لگانے والوں نے بھیک کو قومی پالیسی بنالیا،ملک میں مخالفین کو سیاسی انتقام کانشانہ بنانے کی تبدیلی لائی جارہی ہے،پی ٹی آئی حکومت کی اصل سٹریٹجی جھوٹ، جھوٹ اور مزید جھوٹ بولنا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز180Hماڈل ٹاؤن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرسید توصیف شاہ ارکان اسمبلی سعدیہ تیمور،غزالی سلیم بٹ چوہدری شہباز جاوید اقبال ،رانا احسن شرافت ،کشور باجوہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ،انہوں نے مزید کہا کہ بجلی، گیس اور کھاد کی قیمتوں میں اضافے، عوام دشمن پالیسیوں پر پردہ ڈالنے کی سٹرٹیجی تیارکی گئی تاکہ وفاقی حکومت اپنی 20 دن کی مضحکہ خیز کارکردگی پر شرمندگی چھپانے کی راہ تلاش کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں وفاق اور پنجاب حکومت کی توانائی پر قابو پانے کے لئے تاریخی اقدامات، عوام کو سفر کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بین الاقوامی معیار کی موٹرویز کا جال بچھانے، دہشت گردی میں کمی لانے اور سی پیک کے عظیم منصوبوں کو متنازعہ بنانے کی میڈیا سٹریٹجی تیارکرنے والوں کے اپنے دامن عوام کی ترقی وخوشحالی اور ملک کی معیشت ٹھیک کرنے کے کسی بھی منصوبے سے خالی ہیں۔