آغوش مری پاکستان کے یتیم بچوں کیلئے بہترین تعلیمی ادارہ ہوگا ،محمد عبدالشکور
لاہور(پ ر) الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبد الشکور نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت تعمیر ہونے والا آغوش مری کے یتیم بچوں کے لیے بہترین اور مثالی تعلیمی ادارہ ہوگا،ہمیں آغوش مری منصوبے کی تعمیر میں آپکا بھرپور تعاون درکار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میزاب گروپ کی سالانہ تقریب’تقسیم ایوارڈ ‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں میزاب گروپ کے شاہد محمود انور اور امتیاز الرحمان چوہدری اورعرب سے آئے دیگر مہمان بھی موجود تھے۔
محمد عبد الشکور نے کہا کہ جیسا کہ آپ سبھی لوگ آگاہ ہیں کہ الخدمت فاؤنڈیشن سات بڑے شعبہ جات میں کام کررہی ہے ۔جس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، صحت ، صاف پانی، کفالتِ یتامیٰ، سماجی خدمات، مواخات اور تعلیم شامل ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اس وقت یتیم بچوں کے لیے 10 آغوش ہومز(یتیم خانے) چل رہے ہیں جن میں بچوں کو بہترین تعلیم، رہائش، کھانا ، یونیفارم اور دیگر بنیادی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں ۔جبکہ مزید5 آغوش ہومز کی تعمیرات کا کام جاری ہے اور 5آغوش ہومز کا کام پلاننگ فیز میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان میں پینتالیس لاکھ سے زائد بچے یتیم ہیں جن تک پہنچنے کے لیے ایک لمبے سفراورساتھ کی ضرورت ہے۔