جنرل باجوہ نے202افراد کے قاتل 13خطرناک دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

جنرل باجوہ نے202افراد کے قاتل 13خطرناک دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے 13 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سزا پانے والے دہشت گردوں میں منیر الرحمن، محمد بشیر، حافظ عبداللہ، بخت اللہ خان، شاہ خان، محمد سہیل خان، داؤد شاہ، محمدمنیر، حبیب اللہ، محمد آصف، گل شاہ، جلال حسین اور علی شیر شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق سزا پانے والے تمام افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، تعلیمی ادارے تباہ کرنے اور بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے سمیت دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔بیان کے مطابق مذکورہ دہشت گرد 202 افراد کے قتل میں ملوث تھے، انہوں نے 151 عام شہریوں اور اور مسلح افواج سمیت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے 51 اہلکاروں کو قتل کیا جبکہ ان دہشت گردوں کے حملوں میں 249 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔بیان کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا، تمام دہشت گردوں نے جوڈیشل مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا اورانہیں فوجی عدالتوں نے سزائیں سنائیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے 7 دیگر دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں سے سنائی گئی قید کی سزا کی بھی توثیق کردی ہے۔
سزائے موت کی توثیق

مزید :

صفحہ اول -