فضل الرحمن کے بھائی ، کمشنر افغان مہاجرین ضیاء الرحمن عہدہ سے فارغ ، خلاف قانون تعیناتی پر تحقیقات کا فیصلہ

فضل الرحمن کے بھائی ، کمشنر افغان مہاجرین ضیاء الرحمن عہدہ سے فارغ ، خلاف ...

 پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے کمشنر افغان مہاجرین ضیاء الرحمن کو عہدے سے ہٹادیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق کمشنر افغان مہاجرین ضیاء الرحمن جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی ہیں۔ذرائع کے مطابق ضیاء الرحمن کو عہدے سے ہٹانے اور ان کے خلاف تحقیقات کرنے کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی اور وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ارباب شہزاد کو تحقیقاتی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ضیاء الرحمن پی ٹی سی ایل کے ملازم تھے ان کے خلاف تحقیقات میں پتہ چلایا جائے گاکہ ان کو صوبائی مینجمنٹ سروس میں کیوں اور کیسے شامل کیا گیا، وہ ڈپٹی کمشنر خوشاب کیسے تعینات ہوئے اور کیسے بڑے عہدوں پر فائز رہے؟اس حوالے سے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ ضیاء الرحمن کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے، وہ خوشاب میں ڈی سی بھی تعینات کیے گئے تھے، پتہ چلایا جائے گاکہ ضیاء الرحمن ڈپٹی کمشنر کیسے لگے۔انہوں نے کہا کہ ضیاء الرحمن کو پاناما کیس کے دوران کمشنر افغان مہاجرین لگایا گیا، ان کو ہٹا کر ان کی جگہ دوسرے افسر کو تعینات کیا جائے گا۔فواد چودھری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میرٹ کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے۔

مزید : صفحہ اول