اوورسیز پاکستانیوں کی واپسی کیلئے ویب پورٹل بنانے کافیصلہ

اوورسیز پاکستانیوں کی واپسی کیلئے ویب پورٹل بنانے کافیصلہ

اسلام آباد( مانیٹر نگ ڈیسک)وزیراعظم کے مشیربرائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزادارباب نے کہا ہے کہ "برین ڈرین" کی جگہ" برین گین "کارجحان پید اکرنے کی فوری ضرورت ہے، موجودہ قیادت بیرون ملک موجودپاکستانیوں کے تجربے اورپیشہ ورانہ مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے،اس مقصدکیلئے مضبوط سیاسی عزم بھی موجود ہے تاکہ یہ لوگ واپس آکرپاکستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی حکومت کے100دن کے اصلاحاتی ایجنڈیپرعملدرآمد کے جائزے اور اس سلسلے میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کیلئے قائم وزیراعظم ریفارم ٹیم کے اجلاس کے دوران کیا۔شہزاد ارباب نے سرمایہ کاروں کی آمد اوراعلیٰ تربیت یافتہ پاکستانی پروفیشنلز کی پاکستان واپسی کیلئے سہولیات فراہم کرنے اور خصوصی ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک ویب پورٹل قائم کرنی کافیصلہ کیا گیا جس پران مہارتوں،تجربات اور علوم کاذکر کیا جائے گا جس کی پاکستان میں تبدیلی لانے کیلئے ضرورت ہوگی۔اسی موقع پرسیکرٹری اوورسیز پاکستانیز آصف شیخ نے واضح کیاکہ اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن واپسی کے خواہشمندبیرون ملک موجود ہرپیشہ ورپاکستانی کوملکی صورتحال سے آگاہ اورحکومت کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں ضروری روابط اور سہولیات فراہم کریگی۔

مزید : صفحہ اول