اداروں کی کارکردگی میں اضافہ کیلئے مربوط نظام وضع کیا گیا ہے، اکبر ایوب
پشاور(سٹاف رپورٹر )خیبرپختونخواکے وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت نے عوامی خدمات کی فراہمی کے اداروں کی کارکاردگی میں اضافے اور اسے عوامی امنگوں کے مطابق ڈھالنے کے لئے مربوط نظام وضع کیا گیاہے گزشتہ صوبائی حکومت کی اصلاحاتی پالیسیوں کی بدولت اداروں پر نہ صرف عوام کا اعتماد بحال ہوا بلکہ ان اصلاحات کی تقلید دیگر صوبوں میں بھی کی جار رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا ایسوسی ایشن آف گورنمنٹ انجینئرز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کے اراکین جس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات ، ایریگیشن ، پبلک ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ا ور محکمہ معدنیات کے علاوہ انرجی اینڈ پاور کے انجینئرز شامل تھے نے ایسوسی ایشن کے کنوینئر ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ مانینٹرنگ انجینئر شاکر حبیب کی سربراہی میں پیر کے روز وزیر مواصلات سے ملاقات کیاور وزیر مواصلات کو مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے انجینئرز کے مطالبات اور مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔وفد نے بتایا کہ گزشتہ حکومت میں صوبائی کابینہ نے انجینئرز کے مطالبات سے اتفاق کرتے ہوئے ٹیکنیکل الاؤنس کے اجراء ، انجینئرز کی اپ گرڈیشن اور تنظیم نو سمیت پرائیوٹ پریکٹس کی منظوری دی تھی۔ وفد نے بتایا کہ محکمہ فنانس کی جانب سے تا حال ٹیکنیکل الاؤنس کے اجراء کا نوٹیفیکیشن جاری نہ ہونے کی وجہ سے انجینئرز کمیونٹی میں بے چینی پائی جاتی ہے جس سے سرکاری امور بھی متاثر ہو رہے ہیں ۔ وفد نے صوبائی وزیر سے اپیل کی کہ سابقہ کابینہ کے احکامات پر عمل در آمد کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں تا کہ انجینئرز کے مسائل حل ہو سکیں ۔ وزیر مواصلات اکبر ایوب نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ٹیکنیکل الاؤنس کے فوری اجراء کے لئے محکمہ فنانس کے ساتھ معاملات اٹھانے کی ہدایت کی۔ اکبر ایوب نے وفد کو یقین دلایا کہ انجینئرز کے بہتر مستقبل اور ان کی کارکردگی اور استعداد کار میں اضافے اور ان کے جائز مطالبات اور مسائل حل کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ بھی خصوصی طور پر میں ملاقات کرائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی بہتر کارکردگی کا دارومدار وہاں پر کام کرنے والے سرکاری اہلکاروں کی محنت اور نیک نیتی سے کام کرنے سے مشروط ہے ۔ انہوں نے انجینئرز سمیت دیگر سرکاری اہلکاروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی اور حکومتی وژن اور اصلاحات پر من و غن عمل در آمد کرنے کے لئے وہ اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔