بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے ممبران اسمبلی کا قواعد و ضوابط سے آگاہی ضروری ہے، مشتاق احمد غنی

بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے ممبران اسمبلی کا قواعد و ضوابط سے آگاہی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر ) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ اسمبلی میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے ممبران اسمبلی کیلئے اسمبلی کے قواعد وضوابط سے آگاہی نہایت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوااسمبلی کو ایک مثالی اسمبلی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے نیزمفادعامہ میں اسمبلی کے رولز وریگولیشنز میں ریفارمز لائے جائیں گے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور کے پرل کانٹیننٹل ہو ٹل میں UNDP,PIPSاور SUBAIکے زیر اہتمام ممبران خیبرپختونخوا اسمبلی کیلئے صوبائی اسمبلی کے رولز وریگولیشن سے آگاہی کیلئے منعقدہ اور ینٹیشن سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔دیگر مقررین میں فرحت اللہ بابر،PIPSکے ایگزیکٹیوڈائریکٹر ظفراللہ خان بھی شامل تھے ۔سپیکر نے کہا کہ اکثر اوقات اسمبلیوں میں نئے چہرے منتخب ہو کر آتے ہیں۔لہٰذا اس امر کی ضرورت ہو تی ہے کہ ان کو اسمبلی کے رولز وریگولیشن سے آگاہی کیلئے مختلف ٹریننگ پروگرام کروائے جائیں ۔۔انہوں نے کہا کہ عوام ممبران اسمبلی کو منتخب کر کے بھیجنے کے بعد اپنے ممبران سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اسمبلی میں ان کے اور صوبے کے عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کریں اور اس مقصد کیلئے ممبران کو اسمبلی میں تحریک التواء ،پوائنٹ آف آرڈر اور قرارداووں کے علاوہ سوالات کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کرکے ان کا حل تلاش کرنا ہو تاہے ۔لہٰذا ان کے لئے ایسی ٹریننگ کا حاصل کرنا نہایت ضروری ہو تاہے ۔اگر وہ قواعد وضوابط سے آگاہ ہوں گے تو اسمبلی کی کارروائی میں بہتر طور پر حصہ لے سکیں گے اور موٗثر قانون میں اہم کردار ادا کریں گے ۔سپیکرنے کہا کہ ہم سب مل کر خیبرپختونخوا اسمبلی کو ایک موٗثر اور مضبوط ادارہ بنائیں گے ۔تاکہ یہ ادارہ حکومت پر بھی بہتر طورپر نظر رکھ سکے ۔انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں صوبائی اسمبلی کے ممبران اور اسٹاف کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مختلف ٹریننگ پر وگرام کا اہتمام کروائیں گے ۔تاکہ خیبرپختونخوامیں بہتر ین قانون سازی کی راہ ہموار ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئندہے کہ خیبرپختونخوااسمبلی میں اکثریت بہتر تعلیم یافتہ ممبران کی ہے ۔جوٹریننگ حاصل کرکے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بہتر قانون سازی کرنے کے قابل ہو جائیں گے ۔انہوں نے سابقہ سپیکر اسد قیصر کی بھی تعریف کی انہوں نے ممبران اسمبلی کے لئے مختلف ٹریننگ پروگراموں کا انعقاد کیا جس سے مثبت نتائج برآمد ہوئے اور ممبران اسمبلی نے قانون سازی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا انہوں نے کہا کہ ممبران اسمبلی کیلئے ایسے ٹریننگ پر وگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔آخر میں PIPSکے ایگزیکٹیوڈائریکٹر ظفراللہ خان نے سپیکر مشتاق احمد غنی کو اپنے ادارے کے جانب سے شیلڈ دی ۔