100روزہ ایجنڈے کی تکمیل کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنا نا گزیر ہے، سلطان محمد خان

100روزہ ایجنڈے کی تکمیل کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنا نا گزیر ہے، سلطان محمد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے قانون،پارلیمانی امور اور انسانی حقوق سلطان محمد خان نے ہدایت کی ہے کہ حکومت کے 100 روزہ ایجنڈے کی تکمیل کے لیے محکمہ قانون جامع موثرحکمت عملی مرتب کرے،تاکہ عوام کو انصاف کی باآسانی اور تیز تر فراہمی کے لئے قوانین بنائے جاسکیں۔وہ پشاور میں محکمہ قانون پارلیمانی امور وانسانی حقوق کے ایک اعلی سطح اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں سیکرٹری قانون ذکاء اللہ خٹک ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مطلوب الرحمان،ایڈیشنل سیکرٹری شکیل اصغر، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمنسٹریشن زیشان عبداللہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر قانون کو محکمے کی کارکردگی،فرائض ،قانون سازی کے حوالے سے زیر غور مسودوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔صوبائی وزیر قانون سلطان محمد خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے جو سول پروسیجر کوڈ کے سوسالہ قانون میں عوامی فلاح کے پیش نظر ترمیم کی وہ قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ عنقریب چیف جسٹس سے ملاقات میں اس قانون کے کامیاب انعقاد کے لئے سفارشات لے کر اسکے نفاذ کو یقینی بنائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی کارکردگی کو موثر بنانے کے لیے 100 دن کا پلان ترتیب دے رکھا ہے جسکو ثمر آور بنانے کے لئے محکموں کو ایکشن پلان تشکیل دینا ہے۔صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت تمام شعبوں میں اصلاحات پر یقین رکھتی ہے تاکہ عوام میں پنپنے والی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے۔وزیر قانون نے محکمہ کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی غرض سے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔انہوں نے سیکرٹری قانون کو ہدایت کی کہ سٹاف کی حاضری اور دفتری اداب کی بجاآوری کو یقینی بنائیں۔ صوبائی وزیر نے محکمہ قانون کے دفتروں کا دورہ کیا اور عملے سے انکے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔سیکرٹری قانون نے صوبائی وزیر کو محکمے کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔صوبائی وزیر قانون نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ کے مسائل کو جلد حل کرنے کے لئے وزیراعلیٰ کو سفارش کریں گے۔