صوبہ سندھ کی معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہیں ،سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ سندھ حکومت اس صوبے میں معیشت کے استحکام اور صوبے کے تمام شعبہء ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور ان کے دئیے گئے منشور پر عمل درآمد کے لئے تمام وزراء اور ارکان سندھ اسمبلی پابند ہیں اور انشاء اللہ کراچی سمیت صوبے بھر میں مسائل کے حل کے لئے کام کیا جارہا ہے۔ ٹینرز ایسوسی ایشن کے مسائل بالخصوص سیکٹر 7-A کورنگی میں صفائی ستھرائی کے فقدان اور وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے گذشتہ دور میں ان کو دئیے جانے والے خصوصی فنڈز میں باقی کی رقم سمیت ان کے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی صبح اپنے دفتر میں پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اعجاز احمد شیخ کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین محمد شفیع، عزیز احمد، گلزار فیروز، کامران حبیب اور شیخ محمد عمران شامل تھے۔ اس موقع پر چیئرمین اعجاز احمد شیخ نے صوبائی وزیر کو ٹینرز ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل بالخصوص کورنگی سیکٹر 7-A میں صفائی ستھرائی کے فقدان اور وہاں ڈی ایم سی کورنگی کی انتظامیہ کی جانب سے روزانہ کی بنیادوں کی بجائے کئی کئی ماہ تک کچڑہ نہ اٹھائے جانے کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ اس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، اعجاز احمد نے کہا کہ اب عدلیہ کی جانب سے بھی انہیں ہی نوٹسز جاری کئے جارہے ہیں جبکہ وہ تمام تر قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اپنا کاروبار کررہے ہیں۔ انہوں نے صوبائی وزیر سے استدعا کی ہے کہ جہاں وہ اس مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کریں وہاں سابقہ حھکومت میں وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے ٹینرز ایسوسی ایشن کو 340 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ میں سے بقایا 79 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں تاکہ صفائی ستھرائی کے لئے مشینوں کی خریداری سمیت دیگر مسائل کو حل کیا جاسکے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کا نہ صرف فوری حل کرنے کے لئے وہ اپنا کردار ادا کریں گے بلکہ اس صنعت کی ترقی کے لئے بھی سندھ حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر اور صنعتکار اس ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہماری اولین ترجیع ہے اور ہم ان کے ساتھ بھرپور تعاون کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے۔