پی پی 292 ‘ 14 اکتوبر کو ضمنی الیکشن ‘ ڈپٹی کمشنر علی اکبربھٹی ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر مقرر

پی پی 292 ‘ 14 اکتوبر کو ضمنی الیکشن ‘ ڈپٹی کمشنر علی اکبربھٹی ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ...

ڈیرہ غازیخان (نمائندہ خصوصی ). ضلع ڈیرہ غازیخان کے صوبائی حلقہ (بقیہ نمبر59صفحہ7پر )

پی پی 292میں ضمنی انتخاب 14اکتوبر کو ہو گا جس کیلئے ڈپٹی کمشنر علی اکبربھٹی کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرمقرر کر دیاگیا ہے . ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ؍ ریجنل الیکشن کمشنر شاہد اقبال نے ان سے عہدے کا حلف لیا اس موقع پر ریٹرننگ آفیسر ؍ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر تنویر الحسن اوردیگر موجود تھے . دریں اثنا ڈپٹی کمشنر آفس میں ضمنی انتخاب کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی اکبربھٹی نے کہاکہ پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی ، صفائی ، پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی . امن وامان یقینی بنانے کیلئے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات طلب کی جائیں گی حساس پولنگ سٹیشنوں پر خفیہ کیمرے نصب کر کے آن لائن مانیٹرنگ کے ساتھ ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ کی جائے گی. عام انتخابات کی طرز پر پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی، سہولیات کی فراہمی اور شفاف انتخابات کویقینی بنایا جائے گا. ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر نے بتایا کہ 22امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں جن کی سکروٹنی کی جا رہی ہے 15ستمبر کو درخواستوں کی واپسی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے 16ستمبر کو حتمی فہرست جاری کر کے انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے. دو رکنی مانیٹرنگ ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جو ضابطہ اخلاق کی پاسداری کے حوالے سے رپورٹ پیش کرے گی . اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ ڈاکٹر امتیاز محسن اور سی ای او ایجوکیشن اشفاق حسین گجر کو اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر مقررر کیاگیاہے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک محمد رمضان کو فوکل پرسن نامزد کیاگیا . اجلاس میں بتایاگیا کہ پی پی 292میں ضمنی انتخاب کیلئے 105پولنگ سٹیشن تجویز کیے گئے ہیں جن میں سات ، سات زنانہ و مردانہ اور 91مشترکہ پولنگ سٹیشن شامل ہیں صوبائی حلقہ کیلئے 139297ووٹرز درج ہیں جن میں 81976مرداور 59321 خواتین ووٹرز شامل ہیں . اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز میاں محمد اقبال مظہر مہار ، فاروق صادق ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سہیل روف اور دیگر موجود تھے .

علی اکبر بھٹی

مزید : ملتان صفحہ آخر