مدارس ، مساجد امن و سلامتی کے مراکز ، علماء اپنا کردار ادا کریں : مولانا عبد الخیر آزاد

مدارس ، مساجد امن و سلامتی کے مراکز ، علماء اپنا کردار ادا کریں : مولانا عبد ...

ملتان(نیوز رپورٹر، سٹی رپورٹر ) محرم الحرام میں امن وامان کے قیام کے سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کنوینئیر اتحاد بین المسلمین پنجاب خطیب امام بادشاہی مسجد لاہور وچیئرمین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کے(بقیہ نمبر10صفحہ12پر )

ممبران کا قافلہ جس میں تمام مکاتب فکر کے جیدعلماء کرام شامل تھے سرکٹ ہاؤس ملتان پہنچا۔ جہاں پر مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے ملتان ڈویژنل سطح پر قائم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کمشنر ملتان ،آر پی او اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ، افسران و انتظامیہ سمیت اضلاع سے تمام مکاتب فکر کے مقامی علماء کرام و امن کمیٹیوں کے ممبران نے شرکت کی۔ مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب اولیاء اللہ کے شہر ملتان میں اکٹھے ہیں جنہوں نے ہمیشہ آپس میں محبت امن و سلامتی اور وحدت کا درس دیا ہے جو کہ ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔ آج جبکہ محرم الحرام کی آمد آمد ہے ملک میں امن و امان کا قیام انتہائی ناگزیر ہے ۔ حکومت و انتظامیہ کے ساتھ ساتھ تمام مکاتب فکر کے علماء مذہبی رہنماؤں اور عوام الناس پر قومی دینی و ملی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آپس میں متحد ہوکر اسلام وطن اور امن و سلامتی کے دشمنوں، شرپسندوں، تخریب کاروں پر کڑی نظررکھیں جو ملک میں انتشار اور بدامنی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء پاکستان کو پرامن ملک بنانے کے لئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں۔مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ مساجد اور مدارس امن و سلامتی کے مراکز ہیں اور علماء امن و سلامتی کے ترجمان ہیں اور ہم حکومت و انتظامیہ کے امن پلان کو کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علماء اور ذاکرین محرم الحرام کے پروگرامز و مجالس میں اشتعال انگیز تقاریر سے اجتناب کریں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان ندیم ارشاد کیانی نے کہا کہ ملتان کی سرزمین نے ہمیشہ امن اور رواداری کا پیغام دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان مدثرریاض ملک نے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں سکیورٹی ریڈ الرٹ رکھی جائے گی۔ ملکی صورت حال کے پیش نظر ہر عزادار اور جلوس منتظمین سکیورٹی اداروں سے تعاون کرتے ہوئے مکمل چوکس رہیں۔ مرکزی جلوسوں پر سکیورٹی اداروں کے ساتھ پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ اس موقع پر امن کمیٹی کے اراکین سید علی رضا گردیزی، شفقت حسنین بھٹہ، مظہر گیلانی، فاروق خان سعیدی، مولانا حفیظ شاہ مہروی، خالد محمود ندیم، ایوب مغل اور مزین چاون نے کہا کہ تمام علماء کرام اور عزادار قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے امن کی فضا برقرار رکھیں گے۔ محمد بلال عطاری، قاری عبدالغفار نقشبندی اور دیگر علماء کرام نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اجلاس میں مولانا محمد خان لغاری، مولانا مسعود قاسم قاسمی، سید نوبہا رشاہ ، مولانا فقیر حبیب الرحمن اختر، مولانا آصف اکبر، مفتی سیف اللہ خالد، علامہ سید سلطان احمد، مولانا عباس غازی، مہر عبدالخالق مرالی، مولانا عبدالستار نیازی، سعید نمائندہ اوقاف سمیت صاحبزادہ سید عبدالبصیر آزاد، ابو پیر محمد شاہ حسین و دیگر علماء کرام و مندوبین حضرات شریک تھے۔ آخر میں ملکی سلامتی امن و اتحاد و استحکام کے لئے دعا بھی کی گئی۔

مولانا عبدالخبیر

مزید : ملتان صفحہ آخر