شہر قائد میں غیرت کے نام پر ایک اور لرزہ خیز قتل

شہر قائد میں غیرت کے نام پر ایک اور لرزہ خیز قتل

کراچی (کرائم رپورٹر)شہر قائد میں غیرت کے نام پر ایک اور لرزہ خیز قتل کر دیا گیا ہے۔ شادی شدہ خاتون صفدانہ کو رشتے داروں نے مار کر دفنا دیا ہے۔ پولیس نے خاتون کے قتل میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن معمار میں پیش آنے والے ایک لرزہ خیز واقعے میں ایک شادی شدہ خاتون کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا ہے۔تفتیشی افسر کے مطابق خاتون صفدانہ کو اس کے رشتے داروں نے گزشتہ ماہ اٹھائیس اگست کو قتل کرکے دفنا دیا تھا۔تفتیشی افسر کے مطابق سسرال والوں نے خاتون کو کسی لڑکے سے فون پر بات کرتے سنا تھا، جس کے بعد اسے بھٹائی آباد میں ایک بیٹھک میں لیجاکر گولیاں مار کے قتل کردیا گیا تھا۔بعدازاں لاش کو کمبل میں لپیٹ کر اسے لڑکی کے گھر والوں کے حوالے کردیا، جنہوں نے اسے گلشن معمار میں دفنا دیا۔پولیس کے مطابق مقتولہ اور اس کے شوہر کے رشتے داروں نے قتل پر مشاورت کی۔پولیس نے قتل میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ جن سے تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔تفتیشی افسر کے مطابق عدالتی حکم کے بعد خاتون کی قبرکشائی کرکے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔پولیس کے مطابق خاتون کا شوہر سبی میں ملازمت کرتا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر