معمر شخص ویلنگ کرتے گرفتار‘ ضمانت پر رہا، ون ویلر گرفتار نہ کروانے پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا: چن الٰہی

معمر شخص ویلنگ کرتے گرفتار‘ ضمانت پر رہا، ون ویلر گرفتار نہ کروانے پر جھوٹا ...
معمر شخص ویلنگ کرتے گرفتار‘ ضمانت پر رہا، ون ویلر گرفتار نہ کروانے پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا: چن الٰہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گوجرانوالہ (ویب ڈیسک) معمر شخص نے ون ویلنگ کا شوق پورا کرنے کیلئے تمام حدیں پار کر دیں، حلف دینے کے باوجود ایک ٹائر پر موٹر سائیکل چلانے والے ویلر کو ٹریفک وارڈن نے قابو کر کے حوالات میں بند کر وا دیا۔گوجرانوالہ پولیس نے  54 سالہ بزرگ شہری کی گرفتاری ڈال کر مقدمہ درج کرلیا، جب عدالت میں پیش کیا گیا تو  ملزم نے عدالت میں پولیس تشدد سے کان کا پردہ پھٹنے کی فریاد کر دی ، جوڈیشل مجسٹریٹ نے 50ہزار کے مچلکوں پر ضمانت پر رہا کرنے اور ملزم کے فوری طبی معائنہ کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق محلہ نور باوا کا رہائشی چن الہی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر خطرناک کرتب اور تیز رفتاری کے ساتھ ون ویلنگ کرتا ہوا جی ٹی روڈ پر جا رہا تھا جسے لاہوری دروازہ کے قریب ٹریفک وارڈن ظہیر کمانڈو اسکے ہمراہ دیگر اہلکاروں نے قابو کر لیا اس دوران قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے معمر ون ویلر نے منت سماجت شروع کر دی مگر وارڈن نے چن الہی کو تھانہ کوتوالی منتقل کر کے اسکے خلاف مقدمہ درج کروایا اور پو لیس نے اسے حوالات میں بند کر دیا۔ اس سلسلہ میں ظہیر کمانڈو کا کہنا تھا کہ ملزم کو پہلے بھی کئی مرتبہ پکڑ کر ایسا کرنے سے منع کیا اور اس نے رمضان میں حلف دیا تھا کہ وہ کبھی ون ویلنگ نہیں کرے گا جس کے باعث وارننگ دیکر چھوڑ دیا گیا تھا، وارڈن کا مزید کہنا تھا کہ انہیں مسلسل اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ چن الہی جو کہ نوجوانوں کے ساتھ رات کے وقت جی ٹی روڈ پر ٹریفک کم ہو جانے کے بعد ریس لگانے کے ساتھ خطر ناک کرتب کرنے سے باز نہ آیا ہے۔

گرفتاری کے بعد  کوتوالی پولیس نے ملزم چن ا لہٰی کو جوڈیشل مجسٹریٹ نوید گھمن کی عدالت میں پیش کیا ، مجسٹریٹ کے استفسار پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم ون ویلنگ کا عادی ہے جسے جی ٹی روڈ پر ون ویلنگ کرتے روکا گیا ، تلاشی کے دوران ایک پسٹل بھی برآمد ہوا جس پر مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزم چن ا لہٰی نے عدالت کو بتایا کہ ٹریفک وارڈن ظہیر کمانڈو 30 ون ویلرز گرفتار کروانے کے لئے دباﺅ ڈالتا تھا تا کہ سی پی او اور سی ٹی او کے سامنے اسکے نمبر اور کارکردگی ظاہر ہو سکے ، ایسا نہ کرنے پر اسے جھوٹے مقدمہ میں ملوث کیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم کی فریاد اور وکیل کے دلائل کی روشنی میں ضمانت منظور کر لی ، عدالت نے واضح کیا کہ مچلکے نہ دینے کی صورت میں ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا جائے۔ عدالت کے باہر ملزم اور اسکے وکیل نے  بتایا کہ پولیس نے پہلے سے ون ویلنگ کے مقدمات درج کررکھے ہیں۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر بزرگ شہری کے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے کرتب کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ایک سوال کے جواب میں بزرگ نے بتایا کہ پہلی مرتبہ انہوں نے ایک بھارتی بزرگ کو دیکھ کر موٹرسائیکل پر لیٹ کر ڈرائیو کی تھی۔