سمندر پار پاکستانی کی جائیداد پر قبضہ، اقبال ٹاؤن پولیس ملزم کی سرپرست بن گئی،وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پولیس انصاف فراہم کریں :متاثرہ شخص کی دہائی

11 ستمبر 2018 (21:47)

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)جائیداد کی خاطرسگے بھائی کو ’’خون سفید ‘‘ ہو گیا ،جعلی دستاویزات بنا کر دیار غیر میں مقیم بھائی کی جائیداد پر قبضہ کر لیا ،نئے پاکستان میں پولیس کا رویہ ’’پرانا‘‘ ہی رہا ،قبضہ گروپ کے ساتھ مل کر کارروائی سے انکار ،قبضہ گروپ کے خلاف کارروائی اور اندراج مقدمہ کی بجائے سمندر پار پاکستانی کی درخواست ردی کی ٹوکری میں پھینک دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق’’نئے پاکستان میں بھی شہری پولیس کے ہاتھوں خوار ہونے لگے ،برطانیہ میں مقیم اوورسیز پاکستانی وحید احمد چودھری کے سگے بھائی محمد سعید نےپٹواریوں کی ملی بگھت سے جعلی کاغذات بنواکر  پراپرٹی پر قبضہ کر لیا جس پر  وحید احمدچودھری نے علاقہ تھانہ اقبال ٹاؤن میں ملزم سعید کے خلاف کارروائی اور اندراج مقدمہ کے لئےدرخواست دی، تھانہ اقبال ٹاؤن پولیس نےدرخواست وصول کرتے ہوئے اسے سرکاری نمبر لگایا اور طفل تسلی دے کر واپس بھجوا دیا گیا تاہم بعد میں پولیس نے ملزم سے ساز باز کرکےایف آئی آر کے اندراج پر ٹال مٹول سے کام لیتی رہی اور بار بار تھانے کے چکر لگانے کے باوجود مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا ۔متاثرہ شخص  وحید احمد چودھری نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کو بھی کارروائی کی غرض سے درٖخواست دی مگر ابھی تک اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔وحید احمد چوہدری کو قانونی کارروائی سے باز رکھنے کے لئے ملزم سعید کی ایما پر اس کے دوسرے مکان پر رہائش پذیر کرایہ داروں نے کسی وجہ کے بغیر حملہ کیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا ،وحید احمد نے اس پر تشدد کارروائی کے خلاف بھی اقبال ٹاؤن پولیس سے رابطہ کیا اور اندراج مقدمہ کی درخواست دی تاہم پولیس نے دوسری درخواست پر بھی کوئی کارروائی کرنے سے انکار کر دیا ۔متاثرہ شخص  وحید احمد چوہدری نے روزنامہ ’’پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تحریک انصاف کی حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں ،میرے سگے بھائی نے سرکاری محکمے کی ملی بگھت اور پولیس  سے ساز باز کر کے میری قیمتی جائیداد کے جعلی کاغذات تیار کروائے اور اس پر قبضہ کر لیا ۔انہوں نے کہا کہ دیار غیر میںمقیم پاکستانی وطن کے عظیم سفیر ہیں اوران کی خون پسینے کی کمائی کا تحفظ تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہئے ،اگر اسی طرح اوورسیز پاکستانیوں کو لوٹا جاتا رہا تو پاکستان میں کون سرمایہ کاری کرے گا؟پولیس کے پاس دھکے کھا رہا ہوں مگر کوئی بات سننے کے لئے تیار نہیں ،میری وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب محمد طاہر سے درخواست ہے کہاقبال ٹاؤن پولیس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف مقدمہ درج اور اسے انصاف فراہم کیا جائے۔

مزیدخبریں