فرانسیسی ہوائی اڈے کے رن وے پر ڈرائیور نے کارچڑھا دی ،پروازیں معطل

فرانسیسی ہوائی اڈے کے رن وے پر ڈرائیور نے کارچڑھا دی ،پروازیں معطل
فرانسیسی ہوائی اڈے کے رن وے پر ڈرائیور نے کارچڑھا دی ،پروازیں معطل

  

پیرس (این این آئی)فرانس کے جنوب مشرقی شہر لیون میں ایک ڈرائیور نے بین الاقوامی ہوائی اڈے میں گھس کر شیشے کے دو دروازے توڑتے ہوئے اپنی کار رن وے پر چڑھا دی جس کے بعد پروازوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے ۔ پولیس نے اس کار ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔

امریکی ٹی وی کے مطابق اس واقعے کی انٹر نیٹ پر ایک خام ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے۔اس میں ڈرائیور کو اپنی کار کو ایک رن وے کے ساتھ تیزی سے بھگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔پولیس کی گاڑیاں بھی اس کا پیچھا کررہی ہیں لیکن وہ رن وے کے نزدیک پہنچ کر اپنی کار وہیں کھڑی کرکے پیدل بھاگ نکلتا ہے۔اتنے میں پولیس کی دوسرے گاڑیاں بھی وہاں پہنچ جاتی ہیں اور پولیس اہلکار گاڑیوں میں اور پیدل اس کا پیچھا شروع کردیتے ہیں اور اس کا گھیراؤ کر لیتے ہیں تاکہ اس کو کسی طرح باہر نکلنے سے روکا جا سکے۔وہ پولیس کو جل دے کر فرار ہونے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے مگر تھوڑی دیر کے بعد ہی اس کو ایک پولیس افسر گردن سے دبوچ لیتا ہے۔

مقامی حکومت کی پریس افسر کرسٹیل مونٹیگوڈو نے کہاکہ فوری طور پر اس شخص کے محرکات کا پتا نہیں چل سکا کہ اس نے ایسا کیوں کیا ہے لیکن کسی بھی بات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔انھوں نے بتایا کہ یہ شخص پہلے اے 43 ہائی وے پر غلط سمت میں کار دوڑاتا ہوا آیا تھا اور اس کو ایک رکاوٹ سے ٹکڑا دیا تھا۔پھر وہ لیون کے سب سے بڑے ہوائی اڈے سینٹ ایکسوپیری کی جانب چلا گیا تھا۔وہاں وہ ائیرپورٹ کے ٹرمینل 1 پر شیشے کے دو دروازوں کو توڑتا ہوا رن ویز کی جانب کار بھگاتا ہوا لے گیا جس کے بعد پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔

ویڈیو دیکھٰیں:

مزید : بین الاقوامی