کشمیر کے معاملے پر وزیر خارجہ کی زبان نہیں بلکہ ان کی حکومت پھسل چکی ہے:حافظ حسین احمد

کشمیر کے معاملے پر وزیر خارجہ کی زبان نہیں بلکہ ان کی حکومت پھسل چکی ہے:حافظ ...
کشمیر کے معاملے پر وزیر خارجہ کی زبان نہیں بلکہ ان کی حکومت پھسل چکی ہے:حافظ حسین احمد

  


جہلم(ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علمائے اسلام ف کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر وزیر خارجہ کی زبان نہیں بلکہ ان کی حکومت پھسل چکی ہے، نائن الیون کے دن ایک بار پھر ٹرمپ نے افغانستان کے ساتھ ہاتھ کیا ہے، نواز شریف کے جیل سے پیغام کے بعد مسلم لیگ کی جیل سے باہر قیادت کی خاموشی غیر متوقع نہیں ہے، پنجاب میں ”نیازی“ پولیس ”نازی“ اور خوف کی علامت بن چکی ہے۔

حافظ حسین احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ آج ”نائن الیون“ کے دن ایک بار پھر صدر ٹرمپ نے افغانستان کے ساتھ ہاتھ کیا ہے، دراصل وہ افغانستان امن معاہدہ کی آڑ میں بھارت کی مدد کرنا چاہتا ہے اور ثالثی کے کردار کا جھانسہ دیکر بھارت کو خطے کی چودھراہٹ دینا چاہتا ہے،مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے وہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کی مشترکہ کارروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر کوبھارتی ریاست قرار دیکر لاشعور میں معاملات کو ظاہر کردیایہ ان کی زبان کا پھسلنا نہیں کیوں کہ کشمیر اور دیگر معاملات پر ان کی حکومت ’پھسل‘ چکی ہے اور بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ ان سے بھرپور کام لینا چاہتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ”نواز شریف“ کے جیل سے پیغام کے بعد مسلم لیگ ن کی جیل سے باہر کی قیادت کی خاموشی غیر متوقع نہیں ہے لیکن ہم آخری لمحہ تک مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کو حقیقی اپوزیشن اور عوام کی امنگوں کے مطابق جے یو آئی کے طے شدہ پروگرام میں شامل کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف محکمہ پولیس کو سیدھا کرنے کے بلند و بانگ دعوے کرتی رہی لیکن پنجاب میں جب سے بزدار کو لایا گیا ہے پنجاب پولیس نے عوام پر ظلم وستم کی انتہا کردی ہے دراصل پنجاب میں ”نیازی“ پولیس ”نازی“ پولیس بن چکی ہے اور ہر دن کوئی نہ کوئی مظلوم ان کے ظلم و جبر کا شکار ہورہا ہے، پنجاب پولیس اب خوف کی علامت بن چکی ہے۔ 

مزید : علاقائی /پنجاب /جہلم


loading...