پی ٹی آئی چھوڑنے کا پیغام کس کیلئے تھا؟ کارکنوں کے احتجاج کے بعد ڈاکٹر شہباز گل نے وضاحت کردی

پی ٹی آئی چھوڑنے کا پیغام کس کیلئے تھا؟ کارکنوں کے احتجاج کے بعد ڈاکٹر شہباز ...
پی ٹی آئی چھوڑنے کا پیغام کس کیلئے تھا؟ کارکنوں کے احتجاج کے بعد ڈاکٹر شہباز گل نے وضاحت کردی

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے وضاحت کی ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں سے پارٹی چھوڑنے کو نہیں کہا بلکہ ان 4 یا 5 لوگوں کو پیغام دیا تھا جو عمران خان کے احکامات کے باوجود سازش کر رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو کس نے کہا ہے کہ پارٹی چھوڑ جائیں اور انہیں کہہ بھی کون سکتا ہے ، جو لوگ نظریے پر خان کے ساتھ کھڑے ہیں وہی تو اثاثہ ہیں، میں نے تو صرف اتنا کہا کہ کپتان کے فیصلے کو احترام کریں۔

انہوں نے کہا کہ میری پریس کانفرنس کے ایک جملے پر لوگ دانستہ یا غیر دانستہ طور پر اسے غلط رنگ دے رہے ہیں۔ میرا پیغام صرف ان چند (چار یا پانچ) لوگوں کے لیے ہے جو خان صاحب کے احکامات کے باوجود سازش کر رہے ہیں۔ خان صاحب کی حکم عدولی کر رہے ہیں، جو شخص خان کے خلاف سازش کرے اسے اور کیا کہوں؟۔

ڈاکٹر شہباز گل نے پی ٹی آئی کارکنوں کو مخاطب کرکے کہا ایک منٹ کے لیے میری جگہ پر آ کر سوچیں، کیا میں پاگل ہوں جو اس طرح سے لگا ہوا ہوں؟ مجھے بھی پتا ہے کہ کس طرح گول گول باتیں کر کے سب کو خوش رکھنا ہے لیکن میں وہ کر رہا ہوں جو میرے لیڈر نے کہا ہے۔ میں نے بتا دیا تھا خان صاحب کو کہ کچھ لوگ میرے پر اٹیک کریں گے، لیکن لیڈر کا یہی حکم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ براہ مہربانی پوری پریس کانفرنس سنیں آپ کو پتا چل جائے گا کہ میرا پیغام ان سازش کرنے والے چند لوگوں کے لیے تھا نہ کہ پی ٹی آئی ورکرز کے لیے، پوری پریس کانفرنس سنیں اور فیصلہ خود کریں۔

واضح رہے کہ بدھ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر شہباز گل نے کہا تھا کہ جن لوگوں کو عثمان بزدار پسند نہیں ہیں وہ پی ٹی آئی چھوڑ کر جاسکتے ہیں۔ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ بیان سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید احتجاج کیا جارہا تھا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...