کور کمانڈرز کانفرنس…… قومی سلامتی کا تحفظ لازم!

کور کمانڈرز کانفرنس…… قومی سلامتی کا تحفظ لازم!

  

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے کی صورتِ حال اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم پر غور کیا گیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے توجہ دلائی اور کہا کہ موجودہ صورتِ حال کی روشنی میں ہمیں فوجی تیاریاں بڑھانا ہوں گی اور جو چند عناصر پاکستانی مفادات کے خلاف ہائبرڈ وار فیئر میں ملوث ہیں، ان کے خلاف حکومتی پالیسیوں کے مطابق کارروائی کرنا ہو گی، اجلاس میں اندرونی سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت بروقت اور ضروری ثابت ہو رہی ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل مظالم کے ساتھ ساتھ کنٹرول لائن پر جنگی صورتِ حال پیدا کئے ہوئے ہے،جس روز کانفرنس ہو رہی تھی، اسی روز بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ میں پاک فوج کے حوالدار لیاقت شہید ہوئے، دشمن کو جواب میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا، اسی روز پاک فوج نے چکوٹھی سیکٹر میں ایک اور بھارتی کواڈ کاپٹر(جاسوس ڈرون) مار گرایا۔ یہ گیارہواں ڈرون تھا، جو پاک فوج کے ہاتھوں تباہ ہوا۔حالاتِ حاضرہ میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت اور ہائبرڈ وار فیئر کے خلاف کارروائی کا عندیہ بالکل درست ہے، بھارت اپنے مذموم ارادوں کی تکمیل کے لئے اسلحہ کے انبار لگا رہا ہے، جبکہ چند ملک دشمن عناصر حالات کی پروا کئے بغیر مذموم پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ اور کور کمانڈر کانفرنس کے فیصلوں کی تائید اور ان پر اطمینان ہی کا اظہار کیا جائے گا کہ پاک فوج دشمن کے مقابلے کے لئے ہر دم تیار اور چوکس ہے اور اسے مزید تیاری کرنا چاہئے۔

مزید :

رائے -اداریہ -