تخت بھائی،دو چچا زاد بھائیوں کے قتل کا معمہ حل،ملزمان گرفتار

تخت بھائی،دو چچا زاد بھائیوں کے قتل کا معمہ حل،ملزمان گرفتار

  

تخت بھائی (   تحصیل رپورٹر )تخت بھائی کے علاقے یخ کوہی میں گزشتہ ہفتے قتل ہونے والے دو چچا زاد بھائیوں کے دوہرے اندھے قتل کا معمہ حل۔ قتل کے واردات میں ملوث ملزمان گرفتار، آلہ قتل پستول بھی برآمد۔ اس سلسلے میں ڈی ایس پی تخت بھائی سرکل بشیر احمد یوسفزئی نے اپنے آفس میں ایس ایچ او تھانہ تخت بھائی نور محمد خان، تفتیشی آفیسر انسپکٹر شیر محمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں میڈیا کو تفصیلات بتا تے ہو ئے کہاکہ 29اگست کو بعد نماز مغرب تخت بھائی کے علا قہ مدے با با روڈ پر دو چچا زاد بھائی 24 سالہ حبیب الرحمن ولد آدم خان اور 23 سالہ یاسر ولد عزت خان سکنہ یخ کوہی کو راستے میں نا معلوم راہگیر ملزمان نے زبانی تکرار پر فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیئے تھے۔ دلخراش واقعے کا ڈی پی او مردان ڈاکٹر زاہداللہ نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی سراغ لگانے کے لئے میری سربراہی میں خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی۔ جنہوں نے دن رات ایک کرکے کیس کی انتہائی باریک بینی سے ہر پہلو پر تفتیش شروع کردی۔تفتیشی ٹیم نے جائے واردات کے وقت ملزمان کی جلدی میں چھوڑی گئی ہنڈا 125 موٹر سائیکل کے چیسس اور انجن نمبر کے زریعے ملزمان تک ایک ہفتے کی مسلسل جدو جہد کے بعد رسائی حاصل کرکے دوہرے قتل کے واردات میں ملوث ملزمان 31سالہ مراد ولد سعید احمد سکنہ غنو ڈھیری اور 32سالہ رضا خان ولد سعداللہ سکنہ شاہ ڈھنڈلوند خوڑ کو گرفتار کرکے واردات میں استعمال ہونے والے دوپستول بھی انکے قبضے سے برآمد کر لیئے۔ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پورا ہونے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ سید اجلال حسین کی عدالت تخت بھائی میں پیش کرکے جہاں پر عدالت نے انہیں ڈسٹرکٹ جیل مردان بھیج دیا۔دریں اثناء مرکزی انجمن تاجران تحصیل تخت بھائی کے صدر حاجی معز اللہ خان، جنرل سیکرٹری حاجی شیر قیوم مست خیل اور دیگر تاجر برادری نے دوہرے قتل کے ملزمان کو گرفتار کرکے عوام کے سامنے بے نقاب کرنے پر پر ڈی پی او مردان ڈاکٹر زاہدا للہ اور انکی خصوصی ٹیم، ڈی ایس پی تخت بھائی سرکل بشیر احمد یوسفزئی، ایس ایچ او نور محمد خان اور دیگر تفتیشی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہو ئے کامیاب کارروائی پردلی مبارکباد دی ہے

مزید :

پشاورصفحہ آخر -