سیکیورٹی کے ریاستی اداروں نے دہشتگردوں کی کمر توڑدی، کمشنر بنوں 

  سیکیورٹی کے ریاستی اداروں نے دہشتگردوں کی کمر توڑدی، کمشنر بنوں 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)جب تک ہمارے بہادر سپوت ملک پر جان نچاور کر تے رہینگے تب تک ہم اپنے ملک میں آزادی اور سکون سے جیتے رہینگے، اپنے ملک اور عوام کی خاطر جانیں قربان کرنے والے  ہماری قومی بقا کے ضامن ہوتے ہیں اس لئے ان کی قربانیوں کی ریاست بہت قدر کر تی ہیں۔ ان خیالات کا اظہا رکمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے محرم الحرام کے دوران ڈی آئی خان میں ڈیوٹی کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے کے بعد شہید ہونے والے محکمہ سی ٹی ڈی پولیس کے حوالدار رفیع اللہ گاؤں سمیٹی ملاخیل نورنگ ضلع لکی مروت کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے دوان کیا۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے ریاستی اداروں نے دہشت گردوں کی کمر توڑکر رکھ دی ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی ملک کی  حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیاررہینگے۔ کمشنر نے کہا کہ بین الاقوامی محاذ پر ریاستِ پاکستان کو بہت اہم کامیابیاں مل رہی ہیں اور ملک ایک صحیح اور پرُ وقار سمت کی جانب گامزن ہیں اس لئے دشمن قوتیں نہیں چاہتی کہ پاکستان اندرونی طور پر ہمیشہ کی طرح مضبوط ہوں اس لئے ملک میں انتشار پھیلانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔ کمشنر نے حوالدار رفیع اللہ کی جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام گھروں میں پرُ سکون اس لئے ہیں کہ اس کی حفاظت کرنے والے اپنی جانوں کے نذرانے  پیش کر رہے ہیں اور ریاست ِ پاکستان قربانیا ں دینے والوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی۔ کمشنر شوکت علی یوسفزئی نے شہید کے خاندان سے اظہارِ تعزیت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ کمشنر نے چیف سیکرٹری کی طرف سے شہید کے لواحقین کو ایک لاکھ روپے فوری امداد کا چیک حوالے کیا اور ایک بیٹے کی محکمہ پولیس میں بھرتی سے متعلق لواحقین کو آگاہ کیا۔اس موقع پر کمشنر شوکت علی یوسفزئی کے علاوہ ڈپٹی کمشنر لکی مروت عبدالحسیب، ڈی آئی جی بنوں اول خان اور ڈی پی او لکی مروت عبدالروف قیصرانی بھی موجود تھے۔ کمشنر بنوں ڈویژن نے مزید کہا کہ دشمن قوتین نہیں چاہتی کہ پاکستان دنیا کے نقشے پر مضبوط سے مضبوط ہوتے جائیں تاہم اس مٹی کی آبیاری وقتا فوقتا  مقدس خون سے ہوتی رہے گی اور اس میں محبت، ترقی، امن اوربھائی چارے کی فضا پیدا کرنے کی مسلسل جدوجہد کو پروان چڑھایا جائے گا۔ بعدا زاں مرحو م کے لواحقین نے کمشنر بنوں ڈویژن کی مشفقانہ جذبات اور مالی تعاون پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہارکیا کہ شہید رفیع اللہ کے مشنِ امن کیلئے مزید قربانیا ں دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -