پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ میں کروڑوں کی کرپشن، ڈائر یکٹر فنانس سمیت تمام ملزم گرفتار 

پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ میں کروڑوں کی کرپشن، ڈائر یکٹر فنانس سمیت تمام ...

  

لاہور(سپیشل رپورٹر،اپنے نمائندے سے)پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ محکمہ لیبر و ہیومن ریسورس میں کروڑوں روپے کی کرپشن بے نقاب،ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کی ہدایت پر اینٹی کرپشن لاہور کا چھاپہ،ڈائریکٹر فنانس شہزاد اختر بیگ (BS-19,، اعجاز الرحمن ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن BS-18 اور طاہر مسعود اسسٹنٹ کمپیوٹر پروگرامر (BS-17کو گرفتار  کرلیا گیا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق ملزموں نے گھوسٹ سکول بنا کر سرکاری خزانے سے 5 کروڑ 14 لاکھ اور 30 ہزار روپے خرد برد کئے،مڈ سٹی کالج کے نام پر 32 کروڑ 97 لاکھ 8 ہزار 400 روپے نکالے گئے،مسلم انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس کے نام پر 70 لاکھ 31 ہزار 200روپے،حمزہ پولی ٹیک کے نام پر 60 لاکھ 40 ہزار ،گریس کالج کے نام پر 48 لاکھ 39 ہزار 800، سی ایف ای کے نام پر 5 لاکھ 49 ہزار 600 روپے نکالے گئے۔ گوہر نفیس کا کہنا ہے کہ سرکاری خزانے سے یہ کروڑوں روپے جعلی اداروں کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کئے گئے جن کا کوئی وجود ہی نہ تھا۔،کمپیوٹر سیل کے انچارج اسسٹنٹ کمپیوٹر پروگرامر طاہر مسعود نے جونیئر کلرکوں جمشید اور سلیم کے ساتھ ملکر گھوسٹ کالج کے مالکوں کو فائدہ پہنچایا،ڈائریکٹر فنانس شہزاد اختر بیگ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن اعجاز الرحمن نے چیکوں پر دستخط کر کے تمام بل پاس کئے۔تمام ملزمان اینٹی کرپشن کی حراست میں ہیں اور گھوسٹ کالج سکینڈل پر مزید تفتیش جاری ہے۔ معاملے کی مکمل چھان بین کے بعد ملزمان کے خلاف قانون کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -