شہبازشریف کی نیب پیشی افسوسناک ہے،شاہ محمد شاہ 

 شہبازشریف کی نیب پیشی افسوسناک ہے،شاہ محمد شاہ 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سندھ کے صدرسیدشاہ محمد شاہ نے پارٹی صدر شہبازشریف اور ان کی صاحبزادی کی نیب پیشی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی خدمت کرنے والے آج بیٹیوں کے ہمراہ عدالتوں میں دربدر ہورہے ہیں۔آج فاشسٹ طاقت کا استعمال کر کے انتقام کا نشانہ بنا سکتے ہیں لیکن اللہ اور عوام کی عدالت میں جواب دینا پڑے گا۔جمعرات کو جاری بیان میں شاہ محمد شاہ نے کہا کہ قوم کے کھربوں ہڑپ کرنے، آٹاچینی چور ایوانوں میں بیٹھے سیاسی انتقام لے رہے ہیں۔پیغام دیاجارہا ہے کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں کو اس توہین کا سامنا کرنا ہوگا۔نوازشریف، شہبازشریف نے کھربوں کے منصوبے لگائے، ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ اپنی اور اپنی کابینہ کی اربوں کی کرپشن پر عمران صاحب مطمئن ہیں۔شہبازشریف نے عوام کے پیسے کوامانت سمجھ کر پائی پائی خرچ کی۔شہبازشریف جب یہ فیصلے کررہے تھے تو اس وقت ذاتی کاروبار کو نقصان پہنچ رہا تھا۔شہباز شریف نے عوام کی ایک ایک پائی امانت سمجھ کے استعمال کی۔آج عوام کا اربوں لوٹنے والے بے شرم ایوانوں میں بیٹھے ہیں اور عوام کے پیسے امانت سمجھنے والوں اور بیٹیوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کی خدمت کرنے والوں کے ساتھ اگر اسی طرح کا رویہ اختیار کیا جاتا رہا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ  ہے۔سلیکٹڈ حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کا غم غصہ اس وقت پر عروج ہے لیکن ہم محاذ آرائی کی سیاست کے خلاف ہیں۔شاہ محمد شاہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں انتقامی حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔اے پی سی کے اعلان نے حکمرانوں کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے۔ہم حکومت کے خلاف فائنل راؤنڈ شروع کرنے جارہے ہیں اور عوام کی طاقت سے نیازی حکومت کو اس کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔

مزید :

صفحہ آخر -