خاتون کے ساتھ ظلم کرنیوالوں کو سخت سزا بھگتنا ہو گی، انصاف ہوتا ہو نظر آئیگا: عثما ن بزدار

  خاتون کے ساتھ ظلم کرنیوالوں کو سخت سزا بھگتنا ہو گی، انصاف ہوتا ہو نظر ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے اورمتاثرہ خاتون کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعہ میں ملزمان قانون کے تحت قرار واقعی سزا کے حقدار ہیں۔انہوں نے کہا کہ موٹروے پر خاتون سے زیادتی کیس پر پیش رفت کا ذاتی طورپر جائزہ لے رہا ہوں۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کو ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کیلئے ہدایات دی ہیں۔ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے سائنٹفک اورجدید انداز سے تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملزمان نے انتہائی گھناؤنے فعل کاارتکاب کیاہے۔ خاتون کے ساتھ ظلم کرنے والوں کو سخت سزا بھگتنا ہوگی۔ متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے اوراس کیس میں ہرصورت نہ صرف انصاف ہوگابلکہ انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ سردار عثمان بزدار سے چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو سرمایہ کاروں کیلئے سب سے بہترین صوبہ بنایا ہے۔سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ایک چھت تلے فراہم کردہ سہولتوں کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔سرمایہ کاری کے لئے کوئی فائل تاخیر کا شکار نہیں ہوگی اور کاروباری سرگرمیاں تیز کرنے کے عمل میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب حکومت نے تعمیراتی شعبے کیلئے شاندار پیکیج دیا ہے۔تعمیراتی شعبوں سے متعلقہ اجازت ناموں کے حصول کیلئے ون ونڈو سسٹم متعارف کرادیا ہے۔تعمیرات سے متعلقہ این او سی اور نقشہ جات کی منظوری اب ای خدمت مراکز سے ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرمایہ کاروں اورعوام کو دفتروں کے چکر لگانے کی زحمت سے بچایاہے۔ سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو بہتر بنا کر ترقی کو عوام کی دہلیز تک لے جائیں گے اورنیا بلدیاتی نظام حقیقی معنوں میں عوام کو نچلی سطح پر بااختیار بنائے گا اورپنجاب کے ہر شہر اورگاؤں میں ترقی کا نیا دورشروع ہوگا۔شہریوں کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔ وہ وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس کی  صدارت کررہے تھے،جس میں بلدیاتی اداروں سے متعلقہ امور کا جائزہ لیاگیا۔سیکرٹری بلدیات نے اجلاس کے شرکاء کو بلدیاتی اداروں کے امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ماضی کے بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے جبکہ نیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کی امنگوں اورخواہشات کے عین مطابق ہے اور حقیقی معنوں میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو ذمہ داری کے ساتھ بااختیار بنائیں گے اور نیا نظام موجودہ سٹیٹس کو ختم کرے گااورعوام کو بااختیار بنائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بلدیاتی ادارے اپنی بنیادی ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔ چھوٹے بڑے شہروں میں تسلسل کے ساتھ صفائی کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔گلیوں، محلوں اور بازاروں کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔بلدیاتی اداروں کو صفائی کیلئے بہترین اور جدید مشینری فراہم کی جارہی ہے۔بارش کے پانی کے بروقت نکاس کو یقینی بنانے کیلئے ڈرین نالوں کی صفائی میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمودالرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، مشیر آصف محمود،تحریک انصاف سنٹر ل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری، تحریک انصاف ناردرن پنجاب کے صدر صداقت علی عباسی، سیکرٹری گڈ گورننس کمیٹی کرنل (ر) اعجاز حسین منہیس،چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -